سندھ کابینہ نے نئی گاڑیاں خریدنے پر پابندی لگا دی
کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ کابینہ نے نئی گاڑیوں کی خریداری پر 3 سال کے لیے پابندی عائد کردی، جبکہ بلٹ پروف گاڑیاں فروخت نہ کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔کابینہ کا اجلاس وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی زیر صدارت سندھ سیکریٹریٹ میں ہوا۔اجلاس میں 12 نکاتی ایجنڈے سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔کابینہ نے گورنر، وزیر اعلیٰ ، چیف جسٹس ، چیف سیکریٹری، وزیر داخلہ، اسپیکر، آئی جی، دو ایڈیشنل آئی جیز کو بلٹ پروف گاڑیاں استعمال کرنے کی منظوری دی۔کسی وزیر یا افسر کو تھریٹ ملنے پر کابینہ کی منظوری سے اسے بلٹ پروف گاڑی دی جائے گی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت گریڈ 17کے افسر کو لیز پر گاڑی خرید کر دےگی، جس کی اقساط ادائیگی کے بعد مذکورہ گاڑی اس کی ملکیت ہو جائے گی۔کابینہ نے شہید بینظیر بھٹوٹراما انسٹیٹیوٹ کراچی بل کی منظوری دی، جس کے بعد یہ اسپتال/ سینٹر پوسٹ گریجویٹ پروگرام ایف سی پی ایس ، ایم۔ایس، ایم ڈی، پی ایچ ڈی اور ڈپلومہ کورس کرائے گا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمیں ماحول کو بہتر بنانا ہے۔کابینہ کے فیصلوں پر بریفنگ دیتے ہوئےصوبائی مشیر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کابینہ نے گزشتہ کابینہ کے منٹس منظور کرلیے۔پولیتھین اور پلاسٹک بیگ پر پابندی کا فیصلہ کیا گیا۔پہلے مرحلے میں سکھر ڈسٹرکٹ میں پابندی لگانے کی منظوری دی گئی ہے ، جس پر 3 مہینوں میں عملدرآمد کیا جائے گا۔اگلے مرحلے میں حیدرآباد اور کراچی میں پابندی لگائی جائے گی۔کابینہ نے سندھ چائلڈ پروٹیکشن ایکٹ کے بورڈ کی منظوری دی ہے ۔