راولپنڈی(امت نیوز)راولپنڈی پولیس نےجمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا سمیع الحق کے قتل کیس میں چند مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا جنہیں نامعلوم مقام پر منتقل کرکے تفتیش کی جا رہی ہے۔ پولیس تعداد بتانے سے گریزاں ہے پولیس ذرائع کے مطابق زیرحراست ملزمان سے تھانہ سول لائنز کے ایس ایچ او انسپکٹر عزیز تفتیش کر رہے ہیں حراست میں لئے گئے مشکوک افراد کو پولیس کے سیف سیل میں رکھا گیا ہے جہاں پولیس کی سخت سکیورٹی تعینات کی گئی ہے۔ ذرائع کا دعوی ہے کہ ملزمان سے تفتیش کے لیے ایس ایچ او سول لائنز کے ہمراہ ایس ایس پی آپریشنز بھی دو دفعہ سیل جا چکے ہیں۔ زیر حراست مشکوک افراد کو مولانا سمیع الحق کے موبائل سے ملنے والے ڈیٹا اور نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں کی گئی جیو فینسنگ کی مدد سے گرفتار کیا گیا ۔ کیس کی تحقیقات کے لئے پولیس کی تین مختلف ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں جن میں سے ایک ٹیم انسپکٹر عزیز کی سربراہی میں کام کر رہی تھی جبکہ تینوں ٹیموں کی سپرویژن ایس ایس پی آپریشنزامیرعبداللہ نیازی اور سی پی او راولپنڈی خود کر رہے ہیں۔، پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مشکوک افراد کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی ہے۔ذرائع کے مطابق ان افراد کو جیوفینسنگ اور مولانا سمیع الحق کے موبائل ڈیٹا کی مدد سے حراست میں لیا گیا، ملزمان کو نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے، واضح رہےکہ رواں ماہ کی دو تاریخ کو جمعیت علمائے اسلام (س) کےسربراہ مولانا سمیع الحق کو راولپنڈی اور اسلام آباد کے سنگم پر واقع نجی ہاؤسنگ سوسائٹی ( کے سفاری ون) میں نامعلوم افراد نے چاقوؤں سے حملہ کرکے شہید کردیا تھا اور ان کے قتل کی تحقیقات پولیس کی 3 ٹیمیں کر رہی ہیں۔