مستقلی کیلئے پرائمری اساتذہ کا لاڑکانہ تا کراچی لانگ مارچ

0

لاڑکانہ (نمائندہ امت) پرائمری ٹیچرز ایسوسی ایشن کی کال پر سیکڑوں پرائمری اساتذہ نے گڑھی خدا بخش بھٹو میں احتجاجی مظاہرہ کیا، بعدازاں ذوالفقار علی بھٹو، بینظیر بھٹو سمیت دیگر کے مزاروں پر حاضری دی اور پیدل قافلے کے ذریعے کراچی روانہ ہوگئے ،جہاں پر وزیراعلیٰ ہاؤس کے سامنے دھرنا دیا جائیگا، مظاہرین کے ہاتھوں میں پلے کارڈز و پینافلیکس تھے ،جن پر مذمتی نعرے درج تھے، پیدل مارچ گڑھی خدابخش بھٹو سے نوڈیرو پہنچنے پر مظاہرین نے پریس کلب کے سامنے بھی دھرنا دیکر سندھ حکومت کے خلاف سخت نعرے بازی کی، دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی رہنماؤں حاجی شفیع محمد سٹھیو، جاوید حرپانی، سید ہدایت اللہ شاہ، گل حسن چانڈیو، کفن پوش رہنما استاد عبدالکریم، انیس الرحمن جونیجو، سکندر جروار، حاجن سیال حبیب ڈاہانی، مشتاق سناٹی، حلیم ابڑو، حبیب اللہ دایو، بھادر ابڑو، نجم مہیسر، دلشاد بھٹی سمیت دیگر نے کہا کہ گڑھی خدابخش بھٹو سے سیکڑوں اساتذہ اپنے مطالبات کے حصول کے لئے کراچی پیدل مارچ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے مطالبات جائز اور حقیقت پر مبنی ہیں، جن میں سندھ یونیورسٹی سے این ٹی ایس ٹیسٹ پاس امیدواروں ریگولر کرنا ہے جن کے بارے میں سندھ اسمبلی سے 3بار بل بھی پاس ہوچکا ہے، پر سندھ کے بیوروکریٹ ذاتی پسند و ناپسند کے بنا پر نوٹیفکیشن نہیں نکال رہے، جبکہ اساتذہ کو ریگولر کرنے کیلئے سندھ اسمبلی سمیت گورنر ہاؤس سے بھی منظوری دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 3روز قبل صوبائی وزیرتعلیم سید سردار شاہ بھی اساتذہ کے چارٹر آف ڈیمانڈ پر دستخط کر چکے ہیں، انہوں نے کہا کہ چارٹر آف ڈیمانڈ میں سندھ یونیورسٹی سے این ٹی ایس ٹیسٹ پاس امیدواروں کو ریگولر کرنے، بایو میٹرک سسٹم کراچی کے بجائے ضلع سطح پر لگانے، دیگر صوبوں کی طرح سندھ کے اساتذہ کو گروپ انشورنس جاری کرنے، انٹرینڈ انکریمنٹ دینے کے مطالبات شامل ہیں، انہوں نے کہا کہ سندھ سرکاری اداروں، ٹریژری، سندھ سیکریٹریٹ میں رشوت کا بازار گرم ہے اسے روکا جائے، سندھ کے ریٹائرڈ اساتذہ کو مراعات دینے کے لئے خوار کیا جاتا ہے تاکہ وہ آسانی سے رشوت دے کر اپنی زندگی کی جمع پونجی حاصل کرے، انہوں مطالبہ کیا کہ ریٹائرڈ اساتذہ سے پرسنٹیج لینے پر پابندی عائد کرنے سمیت دیگر مطالبات منظور کئے جائیں، انہوں نے کہا کہ اب لانگ مارچ و پیدل مارچ تب تک جاری رہے گا ،جب تک مطالبات ماننے والا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا جاتا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More