پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی ایک دوسرے کی ضرورت ہیں۔گورنر سندھ
کراچی(خبر ایجنسیاں)گورنر سندھ عمران اسما عیل نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کو ہماری اور ہمیں ان کی ضرورت ہے۔وزیراعلی سند ھ مراد علی شاہ سے بہتر کام کی توقع ہے کیونکہ وہ ایک تجربہ کار انسان ہیں۔ نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے عمرا ن اسماعیل کا کہناتھا کہ میر ی خواہش ہے کہ میں سندھ حکومت کے ساتھ مل کر کام کروں ۔سب نے مل کر کام نہ کیا توعوام کا نقصان ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ کراچی میں پانی اور صفائی سنگین مسئلہ ہے۔ایک دور تھا جب عمران خان سیاست میں نہیں آنا چاہتے تھے۔ ہم بہت اصرار کیا کرتے تھے لیکن وہ کہتے کہ کبھی بھی سیاست میں نہیں آؤں گا۔میں نے کبھی کالج کے دنوں میں بھی سیاست میں حصہ نہیں لیا۔ جب پی ٹی آئی کی طرف سے پہلی بار انتخاب لڑا تھا تو لوگ مذاق اڑایا کرتے تھے۔عمران خان کو جتنا ایماندار اور دلیر دیکھا ہے اتنا کسی اور کو نہیں دیکھا۔ عمران خان کے لیے پیسے کی کوئی اہمیت نہیں ۔عارف علوی اپنی جیب میں کبھی پیسے نہیں رکھتے ۔ ان کی بیوی ڈرائیور کو پیسے دے دیتی ہے تاکہ ضرورت کے وقت کام آئیں۔سندھ حکومت کے ساتھ مل کر چلنا چاہتے ہیں تاہم دونوں طرف سے ایسے بیانات آ جاتے ہیں جس سے رابطے کم ہونے لگتے ہیں۔ وفاق مجھے مسلسل کہتا ہے کہ سندھ حکومت کے ساتھ چلیں اور ان کے ساتھ مل کر پراجیکٹ مکمل کرائیں۔ میں تو خود چیف منسٹر ہاؤس چل کر گیا تھا۔ایک بار بابر غوری کے ساتھ ٹیلی وژن ٹاک شو میں بدمزگی ہوئی تو کئی روزتک گھر کے باہر ایم کیو ایم کے لڑکے گھومتے رہے۔ یہ بہت مشکل دن تھے۔ ایم کیو ایم حکومت اتحادی جماعت ہے لیکن انتخابات میں وہ ہماری حریف ہے۔وفاقی حکومت کراچی میں پانی صاف کرنے کے3 پلانٹس لگا رہی ہے۔ماس ٹرانزٹ اورنج لائن بھی شروع کر رہے ہیں۔کراچی میں پانی اور کچرے کا مسئلہ سب سے اہم ہے۔ اگر یہ دو مسائل حل ہو گئے تو لوگ ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ اندرون سندھ حالت اور بھی بری ہے۔ کراچی میں لسانی سیاست ختم ہو گئی ہے اب اسی کو ووٹ ملے گا جو لوگوں کے مسائل حل کرے گی۔