صدر میں آپریشن کے دوران نشئی افراد اور کباڑیوں کی چاندی
کراچی(اسٹاف رپورٹر) صدر میں تجاوزات کے خلاف کارروائی کے بعد کباڑیوں اور نشئی افراد کی چاندی ہوگئی، بڑی تعداد میں کباڑ اکھٹا کرنا شروع کردیا۔آپریشن کے دوران نکلنے ولا اسکریپ دیگر شہری بھی جمع کر کے لے جاتے رہے ۔ تفصیلات کے مطابق ایمپریس مارکیٹ اور اس کے اطراف مسمار کی گئی دکانوں کا اسکریب دن بھر منشیات کے عادی افراد اور کباڑیوں کی جانب سے جمع کرنے کا سلسلہ جاری رہا ۔ مشاہدے میں آیا کہ دکانوں کی مسماری کے دوران نکلنے والے اسکریپ میں دکانوں کے شٹر، پنکھے ، فرنیچر ، ٹین کی چھتیں ،اے سی ، بجلی کی تاریں ، پنجرے ، دکانوں میں موجود کپڑے و دیگر سامان شامل تھا جس پردن بھر وہاں موجود مختلف لوگوں کی جانب سے ہاتھ صاف کیا جاتا رہا جب کہ کباڑ کا کام کرنے والے ، کچرا چننے والے افراد کے علاوہ وہاں آئے دیگر شہریوں نے بھی بہتی گنگا میں خوب ہاتھ دھوئے۔کے ایم سی ، کنٹونمنٹ بورڈ اور دیگر اداروں کے ٹرک بڑی تعداد میں ایمپریس مارکیٹ اور اطراف میں موجود تھے تاہم دکانوں کی مسماری کے دوران نکلنے والا ملبہ اٹھانے کے بجائے مذکورہ اداروں کا عملہ پرندوں کے پنجرے اور اے سی کے راؤٹر سمیت دیگر قیمتی اشیا اپنی گاڑیوں میں ڈالتے رہے۔ نشئی افراد اپنے ساتھ اوزار بھی لائے تھے جن کی مدد سے وہ دن بھر ملبے سے لوہا و قیمتی اشیا نکال کر اپنے ہمراہ لے جاتے رہے۔