کیلیفورنیا میں آگ مزید پھیل گئی – ہلاکتیں 25 ہوگئیں
کیلیفورنیا(مانیٹرنگ ڈیسک)امریکہ میں مغربی ریاست کیلیفورنیا کے جنگلوں میں لگنے والی تباہ کن آگ میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 25 ہو گئی ہے۔ریاست کے شمالی پیراڈائز قصبے میں مزید 14 لاشیں برآمد ہوئی ہیں جس سے وہاں مرنے والوں کی تعداد 25 ہو گئی ہے۔ یہ قصبہ تقریباً پوری طرح تباہ ہو گیا ہے۔تقریباً ڈھائی لاکھ لوگوں کو ریاست کے تین علاقوں میں لگی بڑی آگ کے سبب اپنے گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑا۔گزشتہ روز ’کیمپ کی آگ‘ بوٹے کاؤنٹی میں پھیلنے لگی اور آگ بجھانے والا عملہ آگ کو قابو کرنے میں ناکام رہا یہاں تک کہ آگ نے پیراڈائز قصبے کو تباہ کر دیا۔جس کے بعد ایک دوسری جگہ ریاست کے جنوب میں مالیبو ساحلی ریزارٹ کے امیر علاقے میں آگ لگ گئی جو پھیل کر دگنی ہو چکی ہے۔جن شہروں اور قصبوں کو خالی کرنے کے لیے کہا گیا ہے ان میں تھاؤزینڈ اوکس بھی ہے جہاں بدھ کو ایک مسلح شخص نے گولی مار کر 12افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔محکمۂ موسمیات کے حکام نے کہا ہے کہ یہ خطرناک صورت حال اگلے ہفتے تک قائم رہے گی لیکن آگ بجھانے والے اہلکاروں کا کہنا ہے وہ ہوا کی تیزی میں جز وقتی طور پر آنے والی کمی کا فائدہ اٹھا کر آگ پر قابو پانے کی کوشش کریں گے۔ خیال رہے کہ ہوا کی وجہ سے شعلے بھڑک رہے ہیں۔