کابل(امت نیوز)افغانستان کے لئے امریکہ کے خصوصی نمائندے زلمے خلیل زاد نے قیام امن کےلئے نیا مشن شروع کردیا ہے امن مشن کے پہلے مرحلے میں زلمے خلیل گزشتہ شب کابل پہنچے اور افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات کی،ملاقات میں طالبان کے ساتھ جاری رابطوں اور ماسکو کانفرنس کے تناظر میں ہونے والی ممکنہ پیشرفت کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا،ذرائع کے مطابق اشرف غنی کا کہنا تھا کہ طالبان کو افغان حکومت کے ساتھ مذاکرات پر لایا جائے جس پر زلمے خلیل کا کہنا تھا کہ طالبان کابل حکومت کے ساتھ بات چیت پر کسی صورت تیار نہیں ہیں اس لئے کوشش ہونی چاہئے کہ کوئی درمیانی راستہ نکالا جائے،طالبان کی جانب سے امریکی انخلا کے ٹائم ٹیبل کے مطالبے پر بھی ملاقات میں غو رکیا گیا،ذرائع کے مطابق اشرف غنی نے زلمے خلیل کے سامنے پریشانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر امریکہ نے افغانستان میں اپنے حامیوں کو اعتماد میں لئے بغیر انخلا کے ٹائم ٹیبل کا اعلان کیا تو اس سے امریکی مفادات کو زک پہنچ سکتی ہے،جس کے جواب میں زلمے خلیل نے اشرف غنی کو تسلی دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ افغانستان میں اپنے دوستوں کی حمایت جاری رکھے گااور انھیں مخالف قوتوں کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑا جائے گا۔زلمے خلیل امن مشن کے سلسلے میں پاکستان،قطر اور عرب امارات کا دورہ بھی کریں گے۔