زہریلے کھانے نے 2 کمسن بھائیوں کی جان لے لی – والدہ بیہوش
کراچی(اسٹاف رپورٹر) کلفٹن کےریسٹورنٹس میں مضر صحت کھانا کھانے سے 2 معصوم بچے جاں بحق ہوگئے ،جبکہ ان کی والدہ تشویشناک حالت میں زیر علاج ہیں۔ پولیس نے 6 ہوٹل ملازمین کو حراست میں لے لیا۔ کھانے کے نمونے حاصل کرکے فارنسک لیبارٹری بھیج دیئے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ڈیفنس کریک ویسٹا کے رہائشی احسن نامی شہری کی اہلیہ عائشہ اور ان کے 2بچوں ڈیڑھ سالہ احمد و 5سالہ محمد کو اتوار کی صبح تشویشناک حالت میں کلفٹن کے نجی اسپتال لایا گیا، جہاں دونوں بچوں نے دم توڑ دیا، جبکہ والدہ کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور تفصیلات حاصل کیں۔ بعد ازاں تفتیشی ٹیم متاثرہ خاتون کے گھر بھی گئی اور وہاں فرج سے کھانے کے نمونے حاصل کئے۔ ایس ایس پی جنوبی پیر محمد شاہ نے بتایا کہ عائشہ احسن اپنے 2بچوں کے ہمراہ کلفٹن بلاک 8میں واقع ایریزونا گرل اور چنکی منکی ریسٹورنٹ گئی تھیں،جہاں پر مضر صحت کھانا اور سوئٹس کھانے کے بعد تینوں واپس اپنی رہائش گاہ ڈیفنس فیز 8میں آگئے۔بعدازاں صبح حالت غیر ہونے پرعائشہ کے ماموں اور دیورنے ماں بیٹوں کوفوری طور پر کلفٹن کےنجی اسپتال منتقل کیا، جہاں دونوں بچوں نے دم توڑدیا، جبکہ ان کی والدہ تشویش ناک حالت میں زیر علاج ہے۔ ایس ایس پی جنوبی نے مزید بتایا کہ پولیس نے دونوں ریسٹورنٹس کو سیل کرکے6 ملازمین کو حراست میں لے لیا اور فوڈ ڈپارٹمنٹ کو طلب کر کے کھانے کے نمونے فارنسک ٹیسٹ کیلئےبھیج دیئے ہیں، جس کی رپورٹ آنے کے بعد قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ پولیس نے بتایا کہ متوفی بچوں کے والد لاہور سے کراچی پہنچ گئے ہیں اور انہوں نے 5سالہ محمد کے پوسٹ مارٹم کی اجازت دیدی ہے۔ ابتدائی طور پر واقعہ زہر خورانی کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے، تاہم میڈیکل رپورٹ اور فارنسک رپورٹ کے بعد اصل حقائق سامنے آئیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تفتیشی ٹیم ہوٹلز کی سی سی ٹی وی فوٹیج سے متاثرہ فیملی کے آنے اور جانے کا وقت چیک کر رہی ہے۔