نیب نے جام خان شورو کے اہلخانہ کی جائیداد تفصیلات مانگ لیں

0

کراچی (رپورٹ:نواز بھٹو) سابق وزیر بلدیات اور پی پی کے رکن سندھ اسمبلی جام خان شورو کے خلاف نیب کراچی کی تحقیقات مکمل ریفرنس تیار کر لیا گیا ۔آخری مرحلے میں نیب حکام نے بورڈ آف ریونیو سے جام خان شورو کے پورے خاندان کے نام موجود املاک کی تفصیلات آج طلب کرلی ہیں ۔ آئی جی رجسٹریشن بورڈ آف ریونیو کو جام خان شورو کے خاندان کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے جائیدادوں کے حصول کے لئے تمام رجسٹرارز کو ہدایات جاری کرنے کے لئے کہا گیا۔ جاری لیٹر میں کہا گیا ہے کہ تحقیقات مکمل ہو چکی ہے اور تیار ریفرنس کے لئے جام خان شورو، قمر الدین شیخ ،انور علی کمبھر اورعبدالراشدخان کی املاک کی تفصیلات لازمی ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق نیب نے بورڈ آف ریونیو کے آئی جی رجسٹریشن کو لکھے گئے لیٹرمیں کہا گیا ہے کہ سابق وزیر بلدیات کے خلاف تحقیقات مکمل کر لی گئی ہے اور ریفرنس تیار کر لیا گیا ہے ۔نیب ذرائع کے مطابق حاصل شواہد میں یہ کہا گیا ہے کہ سابق وزیر بلدیات نے سابق ایڈمنسٹریٹر اورنگی اور سینئر ڈائریکٹر لینڈ ریکارڈ حیدرآباد قمر الدین شیخ کی توسط سے بھاری کمیشن لئے اوربدعنوانی کے ذریعے جائیدادیں بنائی ہیں۔ نیب کراچی کی طرف سے آئی جی رجسٹریشن بورڈ آف ریونیو کو لکھے گئے لیٹر میں کہا گیا ہے کہ تحقیقات کو حتمی نتیجے تک پہنچانے اور ریفرنس دائر کرنے کے لئے کرپشن اور بدعنوانی میں ملوث افراد انور علی کمبھر ، عبد الراشد خان اور جام خان شورو ان کے خاندان کے اراکین بشمول والدین ، اہلیہ اور بچوں کے نام موجود تمام جائیدادوں کی تفصیلات فراہم کی جائیں۔ نیب کی طرف سے لکھے گئے لیٹر کے ساتھ نادرا سے 28 جون 2018 کو حاصل کی جانے والی تفصیلات بھی منسلک کی ہیں ، جس میں جام خان شورو ان کے والد دیدار حسین شورو، والدہ فاطمہ، اہلیہ حسن بانو، بچوں صفا اور تنزہ کےمکمل کوائف درج ہیں۔جام خان شورو کےعلاوہ سینئرلینڈ ڈائریکٹر قمر الدین شیخ کی املاک کی تفصیلات بھی دی جائیں۔ نیب نے 12 نومبرکو کمبائن انویسٹی گیشن کمیٹی کو حاصل ہونے والی تفصیلات کے مختلف پہلوؤں سے جائزے کیلئےماہررجسٹرارکی خدمات بھی طلب کرلی ہیں۔ ذرائع کے مطابق سابق ایڈمنسٹریٹر اورنگی اور سینئر ڈائریکٹرلینڈ ریکارڈ حیدرآباد قمر الدین شیخ پر یہ بھی الزام ہے کہ انہوں نے ملازمت کی مدت بڑھانے کے لئے تعلیمی اسناد میں جعلسازی کی اور اپنی عمر 4 سال کم کرنے کی کوشش کی تھی اور قمر الدین شیخ نے وقت سے پہلے اپنی ریٹائرمنٹ کے خلاف چیف سیکریٹری آفس میں اپیل بھی دائر کر رکھی ہے ۔قمر الدین شیخ کی تعلیمی اسناد کی بورڈ سے تصدیق بھی کروائی گئی ہے جہاں سے جعلسازی کی تصدیق ہوئی ہے جس کی رپورٹ محکمہ بلدیات کی طرف سے چیف سیکریٹری آفس اور نیب حکام کو ارسال کر دی گئی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More