لانڈھی کا رہائشی گلستان جوہر میں قتل۔فائرنگ سے 4 افراد زخمی
کراچی(اسٹاف رپورٹر)فائرنگ کے واقعات میں ایک شخص ہلاک اور 4 افراد زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق گلستان جوہر بلاک 8 روفی ڈریم لینڈ کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ پولیس کے مطابق اسپتال میں مقتول کی شناخت 30سالہ امیر علی ولد میر کھوسو کے نام سے ہوئی جو لانڈھی کا رہائشی اور کسی کام سے آیا تھا۔واقعہ بظاہر ذاتی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔مومن آباد تھانے کی حدود اورنگی سیکٹر 10/Lعرشی چوک کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 14سالہ منیب ولد احمد ، سائٹ سپر ہائی وے صنعتی ایریا کے علاقے جمالی پمپ کے قریب فائرنگ سے 25سالہ عمران ولد لال دین ، گلستان جوہر کامران چورنگی کے قریب فائرنگ سے 27سالہ سید جواد ولد محمد رمضان جب کہ قائد آباد کے علاقے میں ذاتی جھگڑے کے دوران فائرنگ سے نور گل نامی شخص زخمی ہوگیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ عمران کا زخمی ہونا ڈکیتی مزاحمت کا شاخسانہ لگتا ہے۔