سندھ حکومت کا پریس کلب پر حملے کی تحقیقات کا اعلان
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ حکومت نے کراچی پریس کلب پر حملے کی تحقیقات کرانے کا اعلان کردیا۔ منگل کو بینکنگ کورٹ کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے کہا کہ وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے کراچی پریس کلب واقعے کا سخت نوٹس لیا ہے۔ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت کراچی پریس کلب پر حملے کی مکمل تحقیقات کرائے گی۔ کراچی پریس کلب انتہائی قابل احترام ادارہ ہے۔ سی ٹی ڈی کی وضاحت کی بھی مکمل تحقیقات کرائیں گے۔معلوم کریں گے کہ سی ٹی ڈی پریس کلب میں کیوں داخل ہوئی؟ سینئر صحافیوں سے بدتمیزی کا بھی نوٹس لیا گیا ہے ۔ سندھ حکومت یقین دلاتی ہے ملوث لوگوں کے خلاف سخت کارروائی کریں گے۔ ایسے معاملے میں کچھ حساس ادارے بھی ہوتے ہیں ہم مکمل انکوائری کرائیں گے۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات رکن قومی اسمبلی نفیسہ شاہ نے کہا کہ اگر کسی ملزم کی اطلاع تھی تو مناسب طریقے سے ہینڈل کیا جاسکتا تھا۔ کراچی پریس کلب جمہوریت کا علمبردار ادارہ ہے ، آمریتوں کے دور میں بھی کبھی ایسا اقدام نہیں دیکھا۔