پریس کلب پردھاوے-گرفتاری کیخلاف پیپلزپارٹی کا صحافیوں سےاظہار یکجہتی

0

کراچی ( پ ر) کراچی پریس کلب پر دھاوا اور صحافی نصراللہ چوہدری کی گرفتاری کے خلاف پیپلزپارٹی نے صحافیوں سے اظہار یکجہتی کیا ہے۔ پیپلز پارٹی کی رہنماء نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ کراچی پریس کلب پر حملہ اور سنیئر صحافی نصراللہ چوہدری کی گرفتاری تشویشناک ہے ، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر اس احتجاج میں شریک ہوئی ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو کراچی پریس کلب میں منعقدہ احتجاجی کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نفیسہ شاہ نے کہا کہ جہاں صحافیوں کے حقوق پر حملہ ہو اور غیر آئینی اور قانونی کارروائیاں ہوں ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔ ہم صحافیوں کے مسائل پر پارلیمنٹ میں آواز اٹھائیں گے۔ حکومت آزادی صحافت کو یقینی بنائے ۔اگر صحافی آزاد نہیں ہیں ، پریس کلب آزاد نہیں ہے تو پھر ملک کے اندر لوگوں کے جو مسائل ہیں ان کے لیے کون آواز اٹھائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم صحافیوں کے احتجاج میں شریک رہیں گے۔ سی پی این ای کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر جبار خٹک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیشہ سے انسانی بنیادی حقوق پر حکمران حملہ آور رہے ہیں۔ جس نے پریس کلب کا تقدس پامال کیا ہے ان کی مذمت کرتا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ بدترین آمرانہ دور میں بھی کسی نے ہمت نہیں کی کہ پریس کلب میں داخل ہو سکے لیکن یہاں رات کی تاریکی میں پریس کلب پر حملہ کیا گیا۔ کراچی پریس کلب کے صدر احمد ملک نے احتجاجی کیمپ میں آنے والے سیاسی ، مذہبی جماعتوں اور مختلف مزدور رہنماوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے تعلق رکھنے والے کارکنان اور رہنماء کا شکریہ ادا کیا۔ احمد ملک نے کہا کہ بدھ کو پورے پاکستان میں پی ایف یو جے کے زیراہتمام احتجاج ہوگا اس سلسلے میں پریس کلبوں پر سیاہ پرچم بھی لہرائیں جائیں گے اور ہم بھر پور قوت کا مظاہرہ کریں گے۔ انہوں نے انسانی حقوق ، مزدور تنظیموں ، سول سوسائٹی، مذہبی اور سیاسی جماعتوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ صحافیوں کے یوم اجتجاج میں بھرپور شرکت کریں۔تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی راجہ اظہر نے کہا کہ کلب پر حملے اورنصراللہ چوہدری کی گھر سے گرفتاری کی مذمت کرتے ہیں۔ حکومت سے مطالبہ ہے کہ اس مسئلے کو حل کیا جائے۔چیئرپرسن عورت فاؤنڈیشن مہناز رحمان نے کہا کہ پریس کلب پر چھاپہ مار کر صحافت کے مقدس پیشے کی توہین کی گئی ہے۔ پی ایف یو جے کے سابق رہنماء اور سینئر صحافی مظہر عباس نے کہا کہ جو ان کا کام ہے وہ کرتے رہیں ہم اپنا کام کرتے رہیں گے،قانون پر عملدرآمد کرانےکابھی قانونی طریقہ ہوتا ہے، پریس کلب پر دھاوے کا عمل غیر قانونی ہے، پہلی بار ہوا ہے کہ کسی صحافی پر جے آئی ٹی بنائی گئی ہے، جے آئی ٹی غیر قانونی اور دباؤ ڈالنے کی کوشش ہے۔ پیپلزیونٹی کےرہنماء حبیب جنیدی نے کہا کہ حملہ آوروں کو شاید یہ احساس بھی نہ ہو کہ وہ پریس کلب پر حملہ کرکے کتنا بڑا جرم کررہے ہیں ۔ کے یوجے کے صدر فہیم صدیقی نے کہا کہ کراچی پریس کلب نے ہمیشہ آمریت کا مقابلہ کیا ہے،ایک صحافی کے گھر سے لٹریچر ہی برآمد ہوگا، سندھ اسمبلی کے اجلاس میں کسی نے بھی آواز نہیں اٹھائی۔ اسٹیٹ بینک سی بی اے کے سیکریٹری جنرل اورمزدور رہنماء لیاقت ساہی نے کہا کہ ہم پریس کلب پر حملہ اور صحافی نصراللہ کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ صحافی کو فی الفور رہا کیا جائے۔سینئر صحافی خورشید تنویر نے کہا کہ کسی بھی جمہوری معاشرے کے لیے آزاد میڈیا کا ہونا لازمی عنصر ہے ، آزادی صحافت بڑی قربانیوں کے بعد ملی ہے اور ہمارا یہ عزم اور فیصلہ ہے کہ اس پر ہم کسی بھی قسم۔کی قدغن نہیں لگنے دیں گے۔ کے یو جے کے صدر حسن عباس نے کہا کہ دو روز پہلے جو کراچی پریس کلب میں ہوا ، اس حوالے سے گورنر سے ملے، مشیر اطلاعات سے ملے لیکن اس کے جو نتائج سامنے آئے وہ بہت مایوس کن ہیں ۔ کلب کی حرمت کو جس طرح پامال کیا ہے وہ افسوس ناک ہے۔اس موقع پرسابق صدر پی ایف یو جے ادریس بختیار، سیکریٹری جنرل پی ایف یو جے برنا ایوب جان سرہندی، نمائندہ ہیومین رائٹس کمیشن آف پاکستان خضرقاضی، پی ایف یو جے دستور کے سیکریٹری جنرل سہیل افضل خان، اسسٹنٹ سیکریٹری جنرل شعیب احمد ،کے یو جے کے صدر طارق ابوالحسن ،تحریک لبیک کے رکن صوبائی اسمبلی مفتی قاسم فخری سمیت صحافیوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More