گوالیار سوسائٹی میں رشوت کے عوض قانونی دکانیں قائم

0

کراچی (رپورٹ: آصف سعود) گوالیار کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی اسکیم 33 میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے بھاری رشوت لے کر رہائشی پلاٹوں پر دکانیں قائم کرادیں۔ گوالیار کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کو بھی غیر قانونی دکانیں قائم کرنے کے عوض لاکھوں روپے دیئے گئے علاقہ مکینوں کی شکایات کے باوجود غیر قانونی دکانوں کیخلاف کوئی ایکشن نہیں لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق گلشن اقبال اسکیم 33میں واقع گولیار کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی میں بڑے پیمانے پر غیر قانونی تعمیرات کا سلسلہ جاری ہے۔ ذریعے کا کہنا ہے کہ گوالیار کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی گلشن اقبال ٹاؤن زون I کے افسران نے رہائشی پلاٹوں پر 30سے زائد غیر قانونی دکانیں قائم کرادیں۔ واضح رہے کہ شہر بھر میں رہائشی پلاٹو پر کمرشل سرگرمیوں کیخلاف آپریشن جاری ہے لیکن گوالیار کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی میں بی کیٹیگری کے رہائشی پلاٹوں پر کھلے عام دکانیں قائم کرائی جارہی ہیں اس حوالے سے معلوم ہوا ہے کہ گوالیار کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی میں ایک غیر قانونی دکان قائم کرنے کے عوض 5لاکھ روپے رشوت وصول کی گئی ہے جبکہ گوالیار کوآپریٹو سوسائٹی نے بھی اس بہتی گنگا میں ہاتھ دھوئے ہیں۔ ذریعے کا کہنا ہے کہ سوسائٹی کی منظوری کے بغیر دکانیں قائم نہیں کی جاسکتیں۔ لیکن سوسائٹی کی جانب سے اس غیر قانونی دکانیں قائم ہونے پر اپنی آنکھیں بند کی ہوئی ہیں ذریعے کا کہنا ہے کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے افسران گوالیار کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کے اندر غیر قانونی تعمیرات کیخلاف کارروائی کرتے ہیں لیکن سوسائٹی کے مرکزی داخلی دروازے کے ساتھ قائم غیر قانونی دکانوں کیخلاف کارروائی سے گریز کیا جارہا ہے۔ ”امت“ کو علاقہ مکین نے بتایا کہ اس حوالے سے انہوں نے سوسائٹی اور سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو متعدد شکایات کی ہیں لیکن ان کی جانب سے کارروائی سے گریز کیا جارہا ہے۔ ”امت“ کو ایک علاقہ مکین نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ سپریم کورٹ کے حکم پر شہر بھر میں غیر قانونی تعمیرات کیخلاف کارروائی ہورہی ہے لیکن گوالیار کوآپریٹو سوسائٹی میں قائم غیر قانونی دکانوں کیخلاف کوئی ایکشن نہیں ہورہا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More