واٹر کمیشن-لیاری میں پانی مسئلہ فوری حل کرنے کا حکم

0

کراچی(اسٹاف رپورٹر)واٹر کمیشن نے لیاری میں پانی کا مسئلہ 10 یوم میں حل کرکے پورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی ۔ بدھ کو واٹر کمیشن کے سر براہ و جسٹس (ر) امیر ہانی مسلم نے سندھ بھر میں فراہمی و نکاسی آب کے حوالے سے سماعت کی ۔ سماعت کے موقع کمیشن میں ایم ایم اے کے رکن صوبائی اسمبلی سید عبدالرشید پیش ہوئے ،انہوں نے کمیشن کو بتایا کہ لیاری کو تین لائنوں سے پانی ملتا ہے،میراں ناکہ سے عسکری پارک تک 29غیرقانونی کنکشنز نکالے گئے ہیں ، جس پر کمیشن کا کہنا تھا کہ کس کو یہ پانی دیا جارہا ہے بتائیں میں خود جا کر دیکھوں گا۔ایک سال کے دوران کتنے غیرقانونی کنکشنز دیئے گئے ؟ جس پر سید عبدالرشید نے کمیشن کو آگاہ کیا کہ یہ کنکشنز کب دیا گیا نہیں معلوم مگر لیاری کا پانی بہت کم ہوگیا ہے۔ لیاری ندی پر غیرقانونی کنکشنز ختم کیے گئے تو پھر انتظامیہ پر وزیر بلدیات کا دبائو آیا، جس کے بعد زیر زمین پانی نکالنے والے ناجائز کنکشنز دوبارہ قائم ہوگئے، کمیشن میں دوران سماعت سید عبدالرشید نے غیر قانونی کنکشنز کے تصاویری شواہد بھی پیش کرتے ہوئے بتایا کہ لیاری کے کئی علاقے 20,20سال سے پانی سے محروم ہیں ، جس پر کمیشن کا کہنا تھا کہ وہ واٹر بورڈ کے فیلڈ افسران کے ملوث ہونے پر اتفاق کرتے ہیں اور آپ کی کئی باتوں سے متفق ہوں۔رکن اسمبلی نے بتایا کہ کے تھری کی لائن کو اوور گرائونڈ کردیا جائے تو یہ مسئلہ حل ہوسکتا ہے، جس پر کمیشن کا کہنا تھا کہ اس طرح لائن کی حفاظت کرنا مشکل ہوگی۔ کمیشن میں ایم ڈی واٹر بورڈ نے کہا کہ ہم نے لیاری میں10یوم میں کئی غیرقانونی کنکشنز ختم کیے ، جس پر کمیشن کا کہنا تھا کہ اگر واٹر بورڈ ٹھیک کام کررہا ہوتو لوگوں کو یہاں آنے کی ضرورت نہ پڑے۔ کراچی میں عوام کو پانی نہ ملنے کا سب سے بڑا مسئلہ غیر مساوی تقسیم ہے،واٹر بورڈ کے انجینئرز موثر انداز میں کام ہی نہیں کرتے۔کراچی میں پانی کا زیاں روکا جائے، تو 80 فیصد مسئلہ حل ہوجائے گا۔ بعض دفعہ میں خود واٹر بورڈ حکام کو فون کرکے بتاتا ہوں کہ وہاں سے پانی ضائع ہورہا ہے ، بند کیا جائے۔والو مین اور انجینئرز بہت بااثر ہیں وہ کام ہی نہیں کرنا چاہتے۔کمیشن نے رکن صوبائی اسمبلی کو ایم ڈی واٹر بورڈ اور کوآرڈینیٹر کمیشن کے ساتھ مشاورت سے حل نکالنے کی ہدایت کرتے ہوئے 10یوم میں متفقہ حل نکال کر رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ۔اس موقع پر کمیشن کا کہنا تھا کہ واٹر بورڈ افسران شکایت ہی نہیں سنتے،7دن میں یہ شکایات ختم کریں ورنہ آدھا واٹر بورڈ کا عملہ گھر میں بیٹھا ہوگا۔گلستان جوہر میں سیوریج کا پانی لائن کے پانی میں مل رہا ہے، جس پر ایم ڈی واٹر بورڈ کا کہنا تھا کہ وہ لائن ٹھیک کردی گئی ہے ۔دوران سماعت گلستان جوہر بلاک 13کے رہائشی نے بوتل میں سیوریج کا پانی پیش کیا، جس پر کمیشن نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صاف پانی دینا آپ کی ذمہ داری ہے۔ کوئی اگر مگر نہیں چلے گا۔ایم ڈی کا کہنا تھا کہ کنٹونمنٹ کا علاقہ ہے اور ہمیں کام کی اجازت نہیں مل رہی ، جس پر کمیشن نے واٹر بورڈ کو گلستان جوہر کی پانی کی لائن درست کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More