جلال آباد میں ایس پی طاہر داوڑ کی میت پاکستانی قونصلیٹ کے حوالے

0

پشاور/خیبر/اسلام آباد(نیوزرپورٹر/نمائندہ امت/ مانیٹرنگ ڈیسک)افغان حکام نے ایس پی طاہر داوڑ کی میت جلال آباد میں پاکستانی قونصل خانے کے حوالے کردی ہے،میت طورخم کے راستے پاکستان لائی جائے گی،میت وصول کرنے کے لئے پشاور پولیس کی ٹیم طورخم پہنچ گئی ہے،پشاور میں طاہر داوڑ کے گھر پر تعزیت کرنے والوں کا تانتا بندھا ہوا ہے تاہم اہلخانہ میڈیا سے بات کرنے سے گریزکررہے ہیں ،تفصیلات کے مطابق افغان حکام نے ننگر ہار میں قتل ہونے والے ایس پی پشاور طاہر داوڑ کی میت جلال آباد میں پاکستانی قونصل خانے کے حوالے کردی، جہاں سے لاش طورخم کے راستے پاکستان لائی جائے گی،اس سے قبل دفترخارجہ نے طاہر خان داوڑ کی لاش افغانستان سے برآمد ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ افغان وزارت خارجہ نے ایس پی طاہر خان داوڑ کی لاش سروس کارڈ کے ساتھ ملنے کی تصدیق کرکے کابل میں پاکستانی سفارت خانے کو آگاہ کردیا ہے۔اعلامیے کے مطابق طاہر خان کی لاش افغان صوبے ننگرہار کے ضلع دربابا میں مقامی رہائشیوں کو ایک روز قبل ملی تھی۔وزارت خارجہ کے مطابق افغان حکام نے تصدیق کردیا ہے کہ ایس پی پشاور کی لاش کے ساتھ ان کا سروس کارڈ بھی ملا ہے۔ترجمان وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مقامی افراد نے ایس پی کی لاش کو پولیس کے حوالے کر دیا جس کے بعد اسے ضلع مہمند منتقل کیا گیا اور جہاں سے لاش کو جلال آباد لے جایا جارہا ہے۔قبل ازیں قومی اسمبلی کے رکن محسن داوڑ کا کہنا تھا کہ سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) طاہر خان داوڑ کی لاش انٹر نینشل ریڈ کراس اور ریڈ کریسنٹ موومنٹ کی جانب سے جلد پاکستانی حکام کے حوالے کردی جائے گی۔محسن داوڑ کا کہنا تھا کہ ایس پی پشاور جاوید اقبال مزید تفصیلات سے سب کو آگاہ کریں گے،لاش ملنےکی تصدیق کے بعد پشاور پولیس کی ٹیم لاش کی وصولی کے لئے بدھ کی شام ایس پی ہیڈکوارٹر عبدالسلام خالدکی قیادت میں لنڈی کوتل پہنچ گئی لنڈی کوتل چھائونی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایس پی عبدالسلام خالد نے کہا کہ میت کو پاکستانی قونصلیٹ میں سلامی پیش کی جائے گی اور پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ لایا جائے گا،انھوں نے کہا کہ وہ پاکستانی قونصلیٹ سے رابطے میں ہیں، خیبر پختون حکومت کے ترجمان اور صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ طاہر داوڑ کی لاش افغانستان کے صوبے ننگرہار سے ملی ہے۔انہوں نے کہا کہ میت آج پاکستان لائی جائے گی، پاک افغان سرحد طورخم پر حکومتی ٹیمیں لاش وصول کرنے کے لیے موجود ہیں اور جونہی انہیں میت ملتی ہے اسے تدفین کے لیے فوراً پشاور روانہ کر دیا جائے گا۔دوسری جانب پشاور کے علاقے حیات آباد میں واقع مقتول طاہر داوڑ کی رہائش گاہ پر منگل کی شام سے لوگوں کا تانتا باندھا ہوا ہے،حیات آباد کے فیز 6کے علاقے میں طاہر داوڑ کی رہائش گاہ کے قریب ایک خالی پلاٹ واقع ہے جہاں گذشتہ شام سے ایک بڑا سا ٹینٹ لگا ہوا ہے اور جہاں درجنوں کی تعداد میں کرسیاں لگی ہوئی ہے۔مقتول کی رہائش گاہ کی طرف جاتے ہوئے راستے میں جگہ جگہ پولیس اہلکار نظر آتے ہیں جبکہ تعزیت والی جگہ پر بھی کئی پولیس اہلکار دکھائی دیے۔پولیس افسر کے ایک بھائی سے جب دریافت کیا گیا کہ پولیس کی طرف سے ان کو اس بابت کچھ بتایا گیا کہ ان کے بھائی لاپتہ اسلام آباد سے ہوئے مگر ان کی ’لاش‘ کے افغانستان سے ملنے کی اطلاعات ہیں تو اس پر انہوں نے صرف اتنا کہا کہ انہیں کچھ نہیں معلوم اور اس کے ساتھ ہی وہ وہاں سے اٹھ کر دوسری طرف چلے گئے۔وہاں تعزیت کےلیے آنے والوں میں بیشتر لوگ وزیرستان کے تھے جن میں قومی جرگوں کے مشران اور دیگر قبائلی ملکان شامل ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More