فیکٹری کا بوائلر پھٹنے سے6مزدور زندہ جل گئے
کراچی(اسٹاف رپورٹر) شاہ لطیف کی فیکٹری میں بوائلر پھٹنے سے 6 مزدورزندہ جل گئے، جبکہ ایک کی حالت نازک ہے۔ متاثرہ خاندانوں نے فیکٹری مالکان کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیاہے۔ تفصیلات کے مطابق شاہ لطیف ٹاؤن کے علاقے لانڈھی منزل پمپ کے قریب واقع موٹر سائیکل بنانے والی کمپنی میں کام کے دوران بوائلر زور دار دھماکے سے پھٹ گیا، جس کی آواز سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ، جبکہ بوائلر کےقریب کام کرنے والے مزدور گرم پانی اور کیمیکل گرنے سے جھلس گئے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اورتمام افراد کو شدید زخمی حالت میں سول اسپتال کے برنس وارڈ منتقل کردیا۔ برنس وارڈ کے ڈاکٹر احمر کا کہنا ہے کہ 7 زخمیوں کو لایا گیا تھا،جن میں 100فیصد جھلسے ہوئے6 افراد نے دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہو ئے دم توڑ دیا۔ پولیس نے بتایا کہ جاں بحق ہو نے والوں میں 33سالہ عامر ولد محمد، 35سالہ سلیم، 25سالہ عمران، 20سالہ شاہ زمان ولد معین الدین، 30سالہ خالد ولد بابو اور 25سالہ عنایت اللہ ولد رمضان شامل ہیں، جبکہ 30سالہ فہیم ولد نعیم کو انتائی نگداشت کے وارڈ میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے۔دوسری طرف سول اسپتال میں لاشیں لینے آنے والے ورثاکا کہنا ہے کہ کمپنی کا بوائلر مزدوروں میں موت بانٹ گیا۔ انہوں نےحکومت سے اپیل کہ فیکٹری مالکان کے خلاف کارروائی کی جائے۔