اخبارات کو تمام بقایا جات ایک ماہ میں کریں گے- سیکرٹری اطلاعات

0

کراچی (پ ر) سندھ کے اخبارات و جرائد کو معاشی بحران سے نکلنے میں مدد دینے کے لئے سپریم کورٹ کی ہدایات کے مطابق حکومت سندھ اشتہارات کے تمام بقایاجات اخبارات کو ایک مہینے میں ادا کرے گی۔ یہ یقین دہانی محکمہ اطلاعات سندھ کے سیکریٹری عمران عطا سومرو نے کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز(سی پی این ای) کے زیر اہتمام ”میٹ دی ایڈیٹرز پروگرام“ میں اخبارات کے ایڈیٹروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیکریٹری اطلاعات عمران عطا سومرو نے کہا کہ سپریم کورٹ کے احکامات کی تعمیل میں اشتہاری ایجنسیوں کے ذمہ اخبارات کے واجبات کی ادائیگی بھی جلد کی جائے گی۔ انہوں نے سندھ سے تعلق رکھنے والے سی پی این ای کے تمام اراکین کے واجبات کی تفصیل فوری طور پر محکمہ اطلاعات کو فراہم کرنے کی درخواست کی اور اشتہارات کی منصفانہ تقسیم اور ادائیگیوں کے شفاف طریقہ کار کے لئے سی پی این ای سے ضروری مشاورت کا اعلان کیا۔ انہوں نے سندھ کے اخبارات و جرائد کو ماہانہ باقاعدگی سے کم از کم اشتہاراتی کوٹہ فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر سی پی این ای کے سینئر رکن جناب جاوید مہر شمسی نے کہا کہ سی پی این ای کے اراکین کے اخبارات کو کم از کم کوٹہ کے مطابق اشتہارات نہ ملنے کی صورت میں سی پی این ای سیکریٹریٹ کو آگاہ کیا جائے۔ قبل ازیں سی پی این ای اراکین نے کراچی پریس کلب پر حملہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے آزادی صحافت اور میڈیا اداروں پر قدغن لگانے کے مترادف قرار دیا۔سی پی این ای کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر جبار خٹک نے کہا کہ سندھ حکومت کے ذمہ اخباری اداروں کے بقایاجات کی عدم ادائیگی سے صحافیوں اور دیگر میڈیا کارکنوں سمیت اخباری ادارے معاشی طور پر کشیدہ صورتحال سے دوچار ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More