لاہور (آن لائن) متحدہ مجلس عمل کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے 25 نومبر کو ملین مارچ کا اگلا پڑاؤ سکھر میں منعقد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحفظ ناموس رسالت ایک تحریک ہے۔ جو جاری رہے گی۔ گزشتہ روز فیصل چوک مال روڈ پر منعقدہ ملین مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں بھی ہر سطح پر احتجاج کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی کوئی طاقت رسول پاک کی محبت کو دلوں سے نہیں نکال سکتی۔ قانون کے الفاظ میں آپ کوئی بھی جواز تلاش کر لیں۔ آپ نے آسیہ کیس سے متعلق فیصلہ بین الاقوامی دباؤ میں آ کر دیا ہے جسے امریکہ سمیت تمام یورپین ممالک میں سراہا گیا اور جشن منایا گیا۔ یورپی یونین نے آسیہ کیس کے فیصلے کو پاکستان کی اقتصادی امداد سے مشروط کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران ہماری نئی نسل کو سبز باغ دکھا کر پاکستان کی نظریاتی شناخت کو ختم کر رہے ہیں، آج پارلیمنٹ کے باہر اور پارلیمنٹ کے اندر اسرائیل کو تسلیم کرنے کی بات کی جا رہی ہے۔