اے این پی نے کل احتجاج کی کال دے دی
پشاور(امت نیوز)عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختونخوا نے صوبہ بھر میں اسلام آباد سے اغواء کیے گئے شہید ایس پی طاہر داوڑ کی اغوائیگی اور بعد میں بہیمانہ قتل کے خلاف بروز ہفتہ دن دو بجے تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز میں احتجاجی مظاہروں کی کال دے دی ۔صوبائی صدر امیر حیدر خان ہوتی کی ہدایات کے مطابق صوبہ بھر میں پختون سپوت طاہر داوڑ کے قتل کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے جائینگے۔اے این پی کے صدر اسفندیار ولی خان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ عوامی نیشنل پارٹی کسی صورت اسلام آباد سے اغواء اور بعد میں افغانستان میں قتل ہونے والے شہید ایس پی طاہر داوڑ کی شہادت پر خاموش نہیں رہے گی۔حکومت کو وضاحت دینی پڑے گی کہ اسلام آباد سے ننگرہار تک کس نے طاہر داوڑ کے اغواء کاروں کو راستہ دیا۔