6 مزدور آہوں – سسکیوں کے ساتھ سپرد خاک
کراچی (اسٹاف رپورٹر) شاہ لطیف کے علاقے میں کمپنی میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں جھلس کر جاں بحق ہونے والے 6 مزدوروں کی نماز جنازہ جمعرات کی صبح ادا کردی گئی، جن کو آہوں سسکیوں میں قریبی قبرستان میں سپردخاک کردیا۔تفصیلات کے مطابق شاہ لطیف کے علاقے منزل پمپ کے قریب بدھ کے روز گاڑیوں کے پارٹس بنانے والی کمپنی میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے 33سالہ عامر ولد محمد، 35سالہ سلیم، 25سالہ عمران، 20 سالہ شاہ زمان ولد معین الدین، 30سالہ خالد ولد بابو اور 25 سالہ عنایت اللہ ولد رمضان کی نماز جنازہ جمعرات کی علی الصبح میمن گوٹھ ، سعود آباد ، اسٹیل ٹاؤن ، سومار گوٹھ اور قائد آباد میں ادا کی گئیں جاں بحق ہونے والے مزدوروں کو آہوں سسکیوں کے ساتھ قریبی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا ، جاں بحق ہونے والا شاہ زمان ایک ہفتے پہلے ہی ترقی پا کر جی ایم بنا تھا اور وہ اپنی ترقی پر بہت خوش تھا لیکن بدھ کے روز کمپنی میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں ہلاک ہوگیا ، جبکہ جاں بحق ہونے والا عمران ایک بچی کا باپ تھا اور اسکی ڈیڑھ سال قبل شادی ہوئی تھی ۔