تیموریہ میں دکانداروں کو پرچیاں بھیجنے والے2بھتہ خور دھرلئے گئے
کراچی(اسٹاف رپورٹر) تیموریہ پولیس نے 2 بھتہ خور گرفتار کرکے اسلحہ، نقدی، بھتے کی پرچیاں اورمسروقہ موٹر سائیکل برآمد کرلی، ملزمان کے دیگر 2 ساتھی فرار ہیں۔ ایس ایس پی سینٹرل عارف اسلم راؤ نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ملزم فیاض احمد عرف افضل اور عزیز الرحمان عرف کالا کے قبضے سے 2 پستول بمعہ گولیاں، مسروقہ موٹر سائیکل، 4 موبائل فون، نقد رقم اور بھتے کی پرچیاں ملی ہیں، جبکہ ان کے دیگر 2 ساتھی نوید عرف بلاول اور استاد فرارہوگئے، گرفتار ومفرور ملزمان نے دکانداروں کو بھتے کیلئے پرچیوں پر لکھے موبائل نمبر پر رابطہ کرنے کا کہا تھا، تاہم دکانداروں کے رابطہ نہ کرنے پر ملزمان نے دکانوں پر فائرنگ کردی تھی، جس سے خوف زدہ دکانداروں نے پرچیوں پر لکھے موبائل نمبر پر رابطہ کیا تو ملزمان نے 10 لاکھ روپے بھتہ ادا کرنے کا مطالبہ کیا اور نہ دینے کی صورت میں دھمکیاں دیں۔