ڈیڑھ برس کے دوران اسی مقام پر ہونیوالا دوسرا دھماکہ
کراچی(رپورٹنگ ٹیم)قائد آباد میں پولیس،ڈی سی آفس اور ڈی ایم سی آفس کے افسران نے ڈیڑھ بر س قبل اسی مقام پر ہونے والے بم دھماکے سے کوئی سبق نہیں سیکھا۔قائد آباد چوک پر ڈیڑھ برس کے دوران یہ دوسرا بم دھماکہ ہوا ۔ گزشتہ برس 28 مئی کو انٹر سٹی بس اڈے پر دھماکہ ہوا تھا، جب کہ گزشتہ روز دھماکہ بھی پرانے جائے قوعہ کے عین سامنے سڑک کی دوسری جانب پرانے کپڑوں کے ٹھیلوں کے درمیان کیا گیا۔ذرائع کے بقول ڈیڑھ برس قبل ہونے والے دھماکے کے بعد حکومت کو بھیجی گئی رپورٹس میں سفارش کی گئی تھی کہ چوک پر قائم غیر قانونی بس اڈوں اور ٹھیلوں کی مارکیٹ کو ختم کیا جائے، کیونکہ ان کے سبب ہر وقت ہجوم رہتا ہے، جو ٹریفک کی روانی متاثر کرنے کے ساتھ دہشت گردوں کا آسان ہدف بھی ہیں۔ان اڈوں اور بازار کو ختم کرنے کے بجائے پولیس اور شہری اداروں نے دوبارہ رشوت کا بازار گرم کیا اور ٹھیلوں سے رشوت وصول کرنے لگے۔