کولمبو(مانیٹرنگ ڈیسک)سری لنکا میں آئینی بحران کے نتیجے میں پارلیمنٹ میدان جنگ بن گیا،اراکین نے مخالفین پر پسی ہوئی سرخ مرچیں پھینک دیں اور مکوں کی بارش کردی،سپیکر کیرو جے سوریا کوایوان میں داخل ہونے سے روک دیا گیا، ایک گھنٹے بعد غیرمسلح پیراملٹری فورس کے عہدیداروں اور افسران نے انہیں اسمبلی کے اندر پہنچایا۔پیراملٹری فورس کے عہدیداروں نے اسپیکر جے سوریا کو گھیرے میں لے کر ایوان کا اعتماد کھونے والے وزیراعظم راجاپاکسے کے حامیوں سے تحفظ فراہم کیاکیونکہ وہ سپیکر پر کتابیں اور اسٹیشنری اچھال رہے تھے۔راجاپاکسے کے حامی اراکین نے فرنیچر کو توڑ کر پیراملٹری فورسز کے عہدیداروں پر بھی حملہ کیا جبکہ پولیس اور مخالف اراکین پر پسی ہوئی سرخ مرچیں بھی پھینکیں۔برطرف وزیراعظم رنیل وکرماسنگھے کی پارٹی کے رکن گیمینی جے وکراما پریرا کا کہنا تھا کہ ان کے چہرے پر چلی پاؤڈر پھینکا گیا جس کے باعث انہیں پارلیمنٹ کے میڈیکل سینٹر میں طبی امداد کی ضرورت پڑی۔