کراچی(اسٹاف رپورٹر)سپر ہائی وے پر بریک فیل ہونے سے ایک آئل ٹینکر آگے چلنے والے ٹینکر سے ٹکرا گیا،جس سے دونوں ٹینکروں میں آگ لگ گئی اور مزید 3 بڑی گاڑیوں کو بھی لپیٹ میں لے لیا۔حادثے میں ایک ڈرائیور جھلس کر جاں بحق ہوگیا۔ حادثے کے نتیجے میں گھنٹوں بدترین ٹریفک جام رہا۔تفصیلات کے مطابق سپر ہائی وے ڈی ایچ اے فیز 9 انصاری پل پر جمعہ کو صبح 11 بجے 2 آئل ٹینکروں میں خوفناک تصادم ہوگیا اور دونوں میں آگ بھڑک اٹھی۔موٹر وے پولیس اور رضاکاروں نے دونوں ٹریک کو بند کرکے امدادی کام شروع کردیا۔حادثے کے نتیجے میں دونوں ٹریک بند ہونے سے سیکڑوں گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں اور گھنٹوں ٹریفک جام رہا۔پولیس نے بتایا کہ فائر بریگیڈ نے ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا۔ بعد ازاں ایک ٹینکر سے بری طرح جھلسنے والے ایک شخص کو نکال کر اسپتال منتقل کیا، جہاں وہ چل بسا۔متوفی کی شناخت نہیں ہوسکی، تاہم وہ ٹینکر کا ڈرائیور ہوسکتا تھا۔ڈی ایس پی موٹر وے ثاقب حسین نے بتایا کہ پل اترتے ہوئے ایک ٹینکر کی بریک فیل ہونے کے باعث حادثہ پیش آیا۔دونوں ٹینکروں میں لگی آگ نے 2 ڈمپر اور ایک شہزور ٹرک کو بھی لپیٹ میں لے لیا۔حادثے کے بعد متبادل راستے سے ٹریفک کو رواں رکھا گیا۔موٹروے ترجمان کا کہنا تھا کہ دونوں ٹینکرز خالی تھے اور کراچی سے آئل بھرنے جا رہے تھے۔ موٹروے پولیس کی بروقت کارروائی نے کسی بڑے حادثے سے بچالیا۔دوسری جانب حادثے کے باعث سپر ہائی وے بند ہونے کے باعث کراچی کا رابطہ دوسرے شہروں سے منقطع ہوگیا اور سینکڑوں چھوٹی بڑی گاڑیاں گھنٹوں پھنسی رہیں ۔