متحدہ دہشتگرد سابق یوسی ناظم کو14 برس قید
کراچی(اسٹاف رپورٹر) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے گوایش پارک سے اسلحہ برآمدگی سے متعلق کیس میں جرم ثابت ہونے پر متحدہ دہشت گرد سابق یوسی ناظم نعمان خان کو مجموعی طور پر 14 سال قید کی سزا کا حکم دے دیا ۔2017 میں قانون نافذ کرنے والے ادارے نے پارک پر چھاپہ مارا تھا۔دریں اثنا انسدادہشت گردی کی خصوصی عدالت نے بانی متحدہ الطاف حسین کے خلاف منی لانڈرنگ سے متعلق کیس میں ایف آئی اے کو ملزم سابق سینیٹر احمد علی کی جانب سے فراہم کی گئی دستاویزات کا جائزہ لینے کے لئے مہلت دے دی ، عدالت نے ایف آئی اے کو 26 نومبر تک ملزم سابق سینیٹر احمد علی کی گرفتاری سے بھی روک دیا ہے ۔ ہفتے کے روز سماعت کے موقع پر بیرسٹر لطیف کھوسہ ملزم سابق سینیٹر احمد علی کی طرف سے پیش ہوئے ، اس موقع پر ایف ائی اے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیگل کراچی بختیار چنا و دیگر افسران بھی پیش ہوئے ۔ دوران سماعت سابق سینیٹر احمد علی کی جانب سے دستاویزات پیش کی گئیں ، ایف آئی اے حکام کی جانب سے دستاویزات کا جائزہ لینے کے لئے مہلت طلب کی گئی ، ایف آئی حکام نے مؤقف اختیار کیا کہ کیس کے تفتیشی افسر امام بخش اسلام آباد میں ہیں، تفتیشی افسر کے ساتھ دستاویزات کا جائزہ لینے کے بعد رپورٹ پیش کریں گے، سابق سینیٹر احمد علی تفتیش میں تعاون نہیں کر رہے ہیں ۔عدالت نے ملزم احمد علی کو ایف ائی اے سے تفتیش میں مکمل تعاون کی ہدایت بھی جاری کردی ہے۔ علاوہ ازیں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نےملزم ذوالفقار کی عدم حاضری کے باعث سانحہ بارہ مئی کیس کی سماعت 12 دسمبر تک ملتوی کردی ۔سماعت کے موقع پر مئیر کراچی وسیم اختر سمیت 20ملزمان پیش ہوئے۔ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے متحدہ کے ٹارگٹ کلر ریحان کے خلاف سرجانی میں اے این پی کے کارکن زیارت گل کے قتل کیس میں اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر ساجد محبوب کواصل جے آئی ٹی کے لئے متعلقہ ادارے کو خط لکھنے کی مہلت دیتے ہوئے سماعت یکم دسمبر تک ملتوی کردی۔انسداددہشت گردی کی خصوصی عدالت نے سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس میں 13 گواہوں کے بیانات قلمبند کرتے ہوئے24 نومبر کو مزید گواہان کو طلب کرلیا ہے۔ہفتے کے روز سینٹرل جیل میں قائم انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں ملزمان متحدہ دہشت گردوں رحمان عرف بھولا اور زبیر عرف چریا کو پیش کیا گیا جبکہ متحدہ کے رہنما رؤف صدیقی سمیت دیگر ملزمان بھی پیش ہوئے۔انسدادہشت گردی کی خصوصی عدالت نے کراچی آپریشن کے اہم کردار انسپکٹر توفیق زاہد قتل کیس کی سماعت 29نومبر تک ملتوی کردی۔گزشتہ روز سماعت کے موقع پر ملزمان ذیشان اور ریحان کو پیش کیا گیاجن کا تعلق متحدہ سے ہے۔استغاثہ کےگواہ پر ملزمان کے وکیل نے اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ محمد زاہد کا شناختی کارڈ میں نام فصیح عثمان ہے۔ عدالت نے محمد زاہد کو بطورگواہ پیش نہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ سماعت پر کیس میں نامزد دوسرے گواہوں کو پیش کیا ۔