قومی شناختی کارڈز کے حصول میں مشکلات-رکاوٹیں ختم کی جائیں۔حافظ نعیم
کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے نادرا حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ مختلف کیٹیگری میں بلاک شدہ شناختی کارڈز جاری کئے جائیں، ڈیجیٹل ان باؤنڈنگ اور جن افراد کے والدین یا والدین میں سے کسی ایک کا بھی شناختی کارڈز بنا ہوا ہے، ان تمام کے قومی شناختی کارڈز فی الفور بنائے جائیں اور شناختی کارڈرز کے حصول میں عوام کو درپیش مشکلات دور کی جائیں، ڈھائی کروڑ آبادی کے شہر کیلئے مزید میگا سینٹرز قائم کئے جائیں۔ یہاں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ وزارتِ داخلہ کے واضح سرکلر کے باوجود شہریوں کے شناختی کارڈز روکے جا رہے ہیں جس سے عوام مضطرب اور بالخصوص نوجوانوں کی بڑی تعداد متاثر ہو رہی ہے جو شناختی کارڈز نہ ہونے پر نہ صرف تعلیم اور روزگار کے حصول سے محروم ہو رہے ہیں بلکہ ان کو ڈرائیونگ لائنسنس اور بینک اکاؤنٹ سمیت دیگر معاملات میں بھی دشواریاں پیش آرہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نادرا کے دفاتر میں عوام کو اب بھی طویل قطاروں میں انتظار کرنا پڑتا ہے اور چھوٹے چھوٹے معاملات میں بھی انہیں تنگ کیا جا رہا ہے، بالخصوص مختلف کمیونیٹیز کیساتھ نادرا والوں کا رویہ بہتر نہیں ہو تا ہے جسے درست کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی متاثرین نادرا اور عوام کیساتھ ہے ۔ ہمارے اراکین پارلیمنٹ نے اس حوالے سے پہلے بھی پارلیمنٹ اور قومی اسمبلی میں قرارداد پیش کی تھی اور آئندہ بھی پارلیمنٹ میں قانون سازی کی ہر ممکن کوششں کریں گے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔