سندھ مدرسہ یونیورسٹی کا دوسرا کانووکیشن 271 طلبہ و طالبات کو اسناد تفویض
کراچی (پ ر) سندھ مدرسہ یونیورسٹی کا دوسرا کانووکیشن گورنر سندھ اور چانسلر سندھ مدرسہ یونیورسٹی عمران اسماعیل کی زیر صدارت ہوا۔ 271 طالب علموں کو اسناد دی گئیں، جبکہ8 نے گولڈ میڈل اور7طالب علموں نے سلور میڈل حاصل کیا۔ 77طالبات بھی شامل تھیں۔ بی ایس پروگرام میں142 اور ایم ایس پروگرام میں 129 طلبہ و طالبات کو ڈگریوں سے نوازا گیا۔ اس موقع پر خطاب میں گورنر اسماعیل نے طلبہ و طالبات کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ سندھ مدرسہ یونیورسٹی کو ایک معیاری درسگاہ بنانے میں بانی وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی شیخ کا اہم کردار ہے، جس کی وجہ سے آج اس تعلیمی ادارے کے دوسرے بیچ سے طالبعلم ڈگریاں لے کر اپنی عملی زندگی میں جارہے ہیں۔ سندھ مدرسہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹرمحمد علی شیخ نے گورنر اور دیگر مہمانان کا شکریہ ادا کیا اور اسناد حاصل کرنے والے طالب علموں کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہاکہ سندھ مدرسہ یونیورسٹی آج ملک کی بہترین جامعات میں سے ایک ہے، جہاں پر طالب علموں کو ناصرف معیاری تعلیم دی جاتی ہے بلکہ انہیں لیڈر شپ پروگرام کے تحت ملکی اور غیر ملکی مطالعاتی دورے بھی کرائے جاتے ہیں، جبکہ ہر سال یونیورسٹی میں فیسٹیول آف آرٹس اینڈ آئیڈیاز منعقد کرایا جاتا ہے ، جس سے طالبعلموں کے تخلیقی اور قائدانہ صلاحیتیں بڑھتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یونیورسٹی کے سٹی کیمپس میں ایک اور بلاک تیار کیاجارہا ہے جس کے بعد سٹی کیمپس میں5ہزار طالبعلم تعلیم حاصل کرسکیں گے۔ صوبائی وزیر برائے ترقی نسواں شہلا رضا نے اپنے خطاب میں کہاکہ مجھے خوشی ہے کہ جامعہ میں نمایاں کارکردگی کے حامل طلبہ میں طالبات کی بھی بڑی تعداد شامل ہے جو آ گے چل کر ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کریگی۔