کرنٹ سے جاں بحق 4 سالہ خضر کے ورثا کو انصاف دیا جائے- حافظ نعیم
کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ کے الیکٹرک کی نااہلی اور غیر انسانی رویہ کے باعث تیسر ٹائون میں 4سال خضر کے جاں بحق ہونے پر کے الیکٹرک انتظامیہ اور متعلقہ ریجن اور ڈپارٹمنٹ کے ذمہ داران کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے اور بچے کے ورثا کو انصاف فراہم کیا جائے۔ جماعت اسلامی متاثرہ خاندان کے ساتھ ہے انہوں نے کہاکہ تیسر ٹائون میں ہلاکت یہ دوسرا واقعہ ہے اس سے قبل ملیر میںبھی معصوم اذہان بارش کے دوران تارگرنے اور کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوا جبکہ2بچے ہاتھوں سے محروم ہوچکے ہیں۔ علاوہ ازیں پی ایم ٹی گرنے کے واقعے میں بھی شہری کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں ، تاریں گرنے اورکرنٹ پھیلنے کی اطلاع کے الیکٹرک کو دی گئی مگر مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیا گیا بجلی عملہ تاریں درست کرنے نہیں آیا۔ جس کی وجہ سے انسانی جانیں ضائع ہوئیں۔ انہوں نے کہاکہ وفاقی وصوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ کے الیکٹرک کے خلاف سخت کارروائی کریں اور متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کریں ۔