زرداری کے جیل جانےسے کوئی متاثر نہیں ہوگا-فواد چوہدری
جہلم(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ میں قبرستان جیسی خاموشی اختیار کی تو ملک نہیں چلے گا اور عوام کی نمائندگی نہ کرنے والی پارلیمنٹ نہیں چل سکتی زرداری سمیت دیگرکے جیل جانے سے کوئی اثر نہیں پڑے گا اپوزیشن کو عمران خان این آر او نہیں دیں گے۔جہلم کے علاقے فتح پور میں کارکنوں کے کنونشن سے خطاب اور نجی ٹی وی سے گفتگوکرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ عوام کو پینے کا پانی میسر نہیں اور حکمران میٹرو بناتے رہے، اسکول میں بچوں کے پاس بیٹھنے کے لیے کرسی نہ ہو اور میٹرو بنالیں تو یہ زیادتی ہے، ہرسال جہلم سے اربوں روپے قومی خزانے میں جاتے ہیں لیکن پچھلی حکومت میں چھوٹے علاقوں کو نظر انداز کیا گیا، لہذا ملک کو فلاحی ریاست بنانے کیلئے وسائل کی منصفانہ تقسیم کرنا ہوگی۔فواد چوہدری نے کہا ہے کہ بلوچستان میں 1500ارب گئے لیکن کوئٹہ میں اسپتال نہیں، 10سال میں اربوں روپے کہاں خرچ ہوئے اس کا حساب ہونا چاہیے، جب میں کہتا ہوں ڈاکوؤں کو نہیں چھوڑوں گا اور کرپشن کی طرف توجہ دلاؤں اور تو اپوزیشن واک آؤٹ کر جاتی ہے، کہتے ہیں کہ ظلم ہوگیا اور جمہوریت خطرے میں پڑگئی۔وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ میں پیسوں کا حساب مانگوں تو الزام لگتا ہے کہ پارلیمنٹ کو چلنے نہیں دیا جارہا، ملک کے فیصلہ ساز لوگوں کو بتادیتا ہوں کہ اس طرح سے پارلیمنٹ چلائی تو ملک نہیں چلے گا، آپ پارلیمنٹ میں قبرستان جیسی خاموشی چاہتے ہیں کہ کوئی سوال نہ کرے اور گریبان نہ پکڑے، میں اربوں کھربوں لوٹنے والوں سے سوال کروں تو جمہوریت خطرے میں پڑجاتی ہے، مجھے بتائیں عوام کی نمائندگی نہ کرنیوالی پارلیمنٹ اور جمہوریت کیسے چل سکتی ہے۔فواد چوہدری نے مزید کہا کہ عمران خان طاقتور بلدیاتی نظام کی حمایت کرتے ہیں تاکہ سرکاری خزانے سے براہ راست عوام کو فائدہ پہنچے، سعد رفیق سمیت بہت سے سیاست دان جب سیاست میں داخل ہوئے تو موٹرسائیکل اور سائیکل پر تھے اور اب دس دس مرلے کی گاڑیاں آگئیں، حساب مانگو تو جمہوریت خطرے میں اور پارلیمانی نظام کو بریک لگ جاتی ہے، لاہور اسلام آباد سے اپنا حق جہلم لے کر آئیں گے، جن لوگوں نے خزانہ خالی کیا ان سے پیسے واپس لیں گے۔اس سے قبل نجی ٹی وی سے گفتگو کرتےہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ اپوزیشن کی خواہش ہے کہ این آر او مل جائے لیکن عمران خان کبھی این آر او نہیں دیں گے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہر چیز کو کارپٹ کے نیچے ڈالنے کا کلچر بن گیا ہے، اپنے اقتدار کو طول دینے کے لئے کرپشن پر پردہ نہیں ڈال سکتے۔انہوں نے اپوزیشن جماعت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ نیب میں موجودہ حکومت نے ایک چپڑاسی تک نہیں لگایا، اگر یہ کہیں کہ حکومت کرپشن کیسز کی پیروی نہ کرے تو یہ ناممکن ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ جعلی اکاؤنٹس کے بارے میں سپریم کورٹ کو حکومتی تحقیقات سے بھی آگاہ کریں گے، آصف زرداری کو اندازہ ہی نہیں کہ وہ عوام میں کتنے غیر مقبول ہیں، آصف زرداری سمیت دیگر کے جیل جانے سے کوئی اثر نہیں پڑے گا۔