غیرملکی ڈکیت نیٹ ورک گروہ کے 3کارندے گرفتار
کراچی(اسٹاف رپورٹر) فیروز آباد پولیس نے پوش علاقوں میں بنگلوں میں ڈکیتی کرنے والے غیر ملکی نیٹ ورک گروپ کے 3 کارندوں کو مقابلے میں گرفتار کر کے جدید اسلحہ نقدی اور دیگر سامان برآمد کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی ایسٹ غلام اظفر مہیسر نے اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہو ئے بتایا کہ فیروزآباد پولیس نے بلاک نمبر 2میں بنگلے میں ڈکیتی کی نیت سے گھومنے والے 7ملزمان کو رکنے کا اشارہ کیا، جس پر ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کردی پولیس نے جوابی کارروائی کے بعد 2زخمی سمیت 3ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے ایک کلاشنکوف ،3پستول ،3لاکھ نقد اور بھاری مالیت کے زیورات برآمد کر لیے ۔ایس ایس پی نے کہا کہ زخمی 2ملزمان عبدالخالق اور عبدالقیوم کے ساتھ ایک ملزم داؤد کو بھی گرفتار کیا ہے ،جبکہ4ملزمان منان، جمعہ رام دین اور چکرداری مقابلے کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ،ایس ایس پی نے بتایا کہ ملزمان کا تعلق بین الصوبائی ڈکیت گینگ سے ہے اور پوش علاقوں میں بنگلوں میں ڈکیتی میں ملوث ہیں ،جبکہ ملزمان غیر ملکی نیٹ ورک سے تعلق بھی رکھتے ہیں اور ان کو ڈکیتی کی تمام ہدایت افغانستان سے ہی دی جاتی تھی ،واردات کے بعد ملزمان لوٹی گئی رقم اور دیگر سامان افغانستان بھیج دیتے تھے ،ایس ایس پی نے انکشاف کیا کہ ملزمان کے ساتھی افغانستان سے پولیس افسران کو دھمکیاں دینے میں بھی ملوث ہیں۔