پی آئی اے کیخلاف شکایت گلگت کے وزیرکو مہنگی پڑ گئی
اسلام آباد(ناصرعباسی)گلگت بلتستان کے وزیر سیاحت فدا حسین کو قومی ایئر لائنز کے خلاف شکایت مہنگی پڑ گئی، وزیر اعظم عمران خان نے بھی جھاڑ پلا دی۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم ہاؤس میں مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) کے اجلاس کے دوران وزیر صحت نے وزیر اعظم عمران خان سے پی آئی اے کی شکایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ لندن سے 25غیر ملکی سیاحوں کا وفد لے کر اسلام آباد پہنچے، لیکن پی آئی اے کی غفلت کے باعث انہیں اور وفد کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اجلاس کے دوران وزیر سیاحت کا موقف تھا کہ پی آئی اے نے موسم کی خرابی کا بہانہ بنا کر گلگت کی فلائیٹ ملتوی کر دی، جبکہ لاہور کی فلائیٹس بروقت چل رہی تھیں۔ اس پر وزیر اعظم عمران خان نے انہیں کہا کہ آپ کی پی آئی اے کے عملے سے بدتمیزی کی وڈیو وائرل ہو چکی ہے اور سپریم کورٹ نے اس پر از خود نوٹس بھی لے لیا ہے، کیا آپ نے سوچا ہے کہ سپریم کورٹ میں کیا جواب دیں گے؟ذرائع کے مطابق اجلاس کے شرکا نے اس پر حیرت کا اظہار کیا کہ گلگت بلتستان کے وزیر سیاحت کو یہ تک معلوم نہیں کہ گلگت بلتستان کے موسم کا لاہور اور اسلام آباد کے موسم کا کوئی تعلق نہیں۔جبکہ وزیر سیاحت گلگت بلتستان کی سیاحت کے فروغ کےلیے مناسب تیاری بھی نہ ہونے کے برابر تھی ۔