12 ربیع الاول۔حاجی عبدالوہاب کے انتقال سے متعلق قراردادیں منظور
کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ اسمبلی کے ایوان نے 12 ربیع الاول کے حوالے سے ایک قرارداد میں نبی اکرمؐ کی سیرت پر عمل کرنے کا عزم کیا ہے ۔دوسری قرارداد میں امیر تبلیغی جماعت حاجی عبدالوہاب کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے خدمات پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔پہلی قرارداد ایم ایم اے کے رکن اسمبلی سید عبدالرشید اور دوسری قرارداد متحدہ کے رکن اسمبلی وسیم الدین قریشی نے پیش کی۔دونوں قراردادیں متفقہ طور پر منظور کرلی گئیں۔اسمبلی نے ایم کیو ایم کے راشد خلبحی کی تحریک التوا سندھ کے شہری اور دیہی علاقوں میں لوڈشیڈنگ کے حوالے سے منظور کرلی۔ اراکین نے لوڈشیڈنگ کی ذمہ دار وفاقی حکومت کو قرار دیا اور مطالبہ کیا کہ سندھ کے عوام کو لوڈشیڈنگ سے نجات دلائی جائے۔قبل ازیں حاجی عبدالوہاب کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ایک توجہ دلاؤ نوٹس میں حیدرآباد میں ایڈز کنٹرول پروگرام سینٹر کی بحالی سے متعلق وزیر صحت نے یقین دہانی کرائی۔دوسرے توجہ دلاؤ نوٹس میں صوبائی وزیر جیل خانہ جات سے سینٹرل جیل دوسری جگہ منتقل کرنے کی درخواست کی گئی۔