کےالیکٹرک کی نااہلی سے آرام باغ کے مکین اذیت میں مبتلا
کراچی(اسٹاف رپورٹر) کےالیکٹرک کی نااہلی سے آرام باغ کے مکین اذیت میں مبتلا ہوگئے، تجاوزات کے خلاف آپریشن کیلئے بند کی جانے والی بجلی رات گئے تک بحال نہ کی جاسکی۔ آرام باغ میں صبح 10 بجے آپریشن کا آغاز کیا گیا، کے الیکٹرک عملے نے علاقے کی بجلی صبح 10 بجے ہی منقطع کردی، تاہم آرام باغ میں آپریشن صرف 2گھنٹے تک جاری رہا، آپریشن کے بعد متاثرہ مقامات پر بجلی کی تاریں پڑی رہی، جس کو عوام اپنی مدد آپ کے تحت ہی ہٹاتی نظر آئی۔ کئی گھنٹے گزرنے کے بعد بھی جب علاقے میں بجلی بحال نہ ہوئی تو مکینوں نے کے الیکٹرک کے قریبی دفتر میں شکایت درج کرائی، جس پرعملے کا کہنا تھا کہ تجاوزات کیخلا ف آپریشن چل رہا ہے، جس کے باعث بجلی منقطع کررکھی ہے۔ مکینوں کا کہنا ہے کہ آپریشن 1 بجے ختم کردیا گیا تھا، تاہم اس کے بعد بھی علاقے میں بجلی بحال نہ ہونا کے الیکٹرک کی نااہلی ہے۔ مکینوں کا کہنا ہے کہ صبح سے بجلی بند کی ہوئی ہے، جس کی وجہ سے گھریلو صارفین شدید پریشان ہیں۔ واضع رہے کہ تجاوزات کے نام پر بند ہونے والی بجلی رات گئے تک بحال نہیں ہوئی۔