لاہور(نمائندہ امت) بھارتی دہشتگردی میں حریت رہنما سمیت مزید 5 کشمیری شہید ہوگئے ۔ قابض فوج نے میر حفیظ اللہ کو اسلام آبا د(اننت ناگ ) میں اچھہ بل کے علاقے اکنگام میں جب کہ شوپیاں کے علاقے نادی گام میں عابد، بشارت احمد، معراج الدین اورانعام الحق کو گھروں میں گھس کر گولیاں ماریں ۔گزشتہ ایک ماہ کے دوران بھارتی جارحیت کا نشانہ بننے والوں کی تعداد 40ہوگئی ہے ۔جب کہ دہشت گردی کے تازہ واقعات کیخلاف ہزاروں کشمیری سڑکوں پرنکل آئے ۔ بھارتی فوج نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے پیلٹ گنوں سے چھرے برسائے ، بدترین لاٹھی چارج اور شیلنگ کی جس سے خواتین سمیت متعدد کشمیری زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔جبکہ شہادتوں پراسلام آباد(اننت ناگ) اور شوپیاں میں ہڑتال اور انٹرنیٹ سروس معطل رہی۔ بزرگ کشمیری قائد سید علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق اور محمد یٰسین ملک نے میر حفیظ اللہ سمیت نہتے کشمیری شہداء کو خراج تحسین پیش کیا اور بھارتی دہشت گردی کی شدید مذمت کی ہے۔ دریں اثنا شوپیاں اورسامبا میں کشمیری مجاہدین کے حملہ میں کمانڈو سمیت 2بھارتی فوجی ہلاک اور 3اہلکار زخمی ہو ئے ہیں۔