کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا عمر اکمل اور احمد شہزاد کا دفاع
اسلام آباد (امت نیوز)پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک نے عمر اکمل اور احمد شہزاد کو ٹیم میں منتخب کرنے کی وجہ بتادی۔ایک انٹرویو میں ٹیم کوئٹہ کے مالک ندیم عمر کا کہنا ہے کہ ان کی خواہش تھی کہ ان کھلاڑیوں کو ایک موقع ضرور دیا جائے کہ وہ خود کو مثالی پلیئرز ثابت کرسکیں اور غالباً یہ پی ایس ایل ان کیلئے ایسا کرنے کا ایک آخری موقع ثابت ہو۔انہوں نے کہا کہ ہمیشہ یہ مانا ہے کہ انسان کو ایک موقع ضرور دیا جائے ٗعامر کو بھی انہوں نے گریڈ 2 میں موقع دیا، جب احمد شہزاد کو کسی نے پک نہیں کیا تھا انہوں نے محسوس کیا کہ یہ اس پلیئر کے ساتھ ذیادتی ہے کیوں کہ احمد ایک اچھا کھلاڑی ہے اور اس کو موقع ملنا چاہئے تاکہ وہ خود کو ثابت کرے۔ٹیم کے انتخاب پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سے اچھی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کیا ہوسکتی، دس تک بیٹنگ، بولرز بھی ہیں، اسپنرز بھی ہیں، آل راؤنڈرز بھی ہیں، اس بار ٹیم بہت اچھی ہے، پچھلی دو تین ٹیموں کے لحاظ سے، نوجوان بھی اچھے ہیں ، عمر اکمل اور احمد شہزاد کو بھی موقع ہے کہ وہ خود کو ثابت کریں۔ندیم عمر نے کہا کہ ماضی میں یہ مسئلہ رہا تھا کہ غیر ملکی پلیئرز پاکستان نہیں آئے جس کی وجہ سے ان کی ٹیم ٹائٹل کے قریب پہنچ کر بھی جیت نہ پائی۔