بلدیہ عظمی-پولیس اہلکاروں نے صدر میں تجاوزات دوبارہ قائم کرادیں

0

کراچی(رپورٹ:محمد نعمان اشرف/اطہر فاروقی) پولیس اور بلدیہ عظمیٰ کے عملے نے صدر، رینبو سینٹر۔فوڈ اسٹریٹ ۔ اکبر روڈ ، موبائل مارکیٹ،بوہری بازار،اور زینب مارکیٹ سمیت دیگر بازاروں میں تجاوزات دوبارہ قائم کر دیں ۔ لگوائے گئےٹھیلوں ، کیبنوں،اور پتھاروں سے یومیہ 50 سے400 روپے وصول کئے جا رہے ہیں ۔دکانداروں نے بھی اپنا سامان فٹ پاتھوں پر رکھ دیا جس کی وجہ سے شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے ۔نمائشی آپریشن پر تاجربرادری نے میئرکراچی کے خلاف مقدمہ درج کرانے اور دھرنا دینے کا عندیہ دیدیا۔ 11نومبر سے شروع ہونے والا آپریشن نمائشی ثابت ہونے لگا۔ضلع جنوبی کے متعدد علاقوں میں دوبارہ تجاوزات قائم کرا دی گئیں ۔ گذشتہ روز بلدیہ جنوبی ، بلدیہ عظمیٰ ،کنٹونمنٹ بورڈ اور دیگر اداروں نے تجاوزات کے خلاف آپریشن کیلئے بولٹن مارکیٹ کا رخ کیا ہی تھا کہ تمام عملے کو واپس بلا لیا گیا ، ذرائع کے مطابق بولٹن مارکیٹ ، ڈینسو ہال ،کھوڑی گارڈن سمیت اولڈ سٹی ایریا کے اطراف میں ایک ہزار سے زائد پتھارے، ٹھیلے، کیبن اور دیگر تجا وزات قا ئم ہیں جن کے خلاف کارروائی نہیں کی جارہی ۔ مذکورہ مارکیٹوں سے یومیہ 300روپے فی پتھارا وصولی کی جارہی ہے۔ کچھ ماہ قبل بولٹن مارکیٹ میں پتھارا مافیا کے خلاف آپریشن شروع کیا گیا تھا ،جس کا رخ دکانداروں کی طرف موڑ دیا گیا ، دکانداروں کے احتجاج کے بعد عملہ واپس چلاگیا اور اگلے روز ہی مارکیٹ میں دوبارہ پتھارے لگ گئے تھے ، جو تاحال موجود ہیں۔ رنچھوڑ لائن صرافہ بازار ، جناح اسٹریٹ اور جمیلہ اسٹریٹ میں بھی سینکڑوں غیر قانونی پتھارے قائم ہیں۔گذشتہ سال مذکورہ آپریشن شروع کیا گیا تو بلدیہ جنوبی کی مداخلت پر آپریشن روک دیا گیا تھا ۔ متاثرہ دکانداروں نے میئرکراچی سمیت وزیراعلیٰ سندھ کو بھی متعدد درخواستیں لکھیں تاہم ان کے خلاف آج تک کارروائی نہیں کی گئی‘ایمپریس مارکیٹ میں آپریشن کے دوران تجاوزات دوبارہ قائم نہ کئے جانے کی یقین دہانی کرائی گئی ،تاہم مشاہدے میں آیا کہ ایمپریس مارکیٹ کے بالمقابل فوڈ اسٹریٹ پر ٹھیلے والوں نے قبضہ کررکھا ہے۔ اطراف کے دکانداروں نے بھی اپنا سامان فٹ پاتھوں پر رکھ دیا ہے، جس کی وجہ سے شہریوں کا پیدل چلنا بھی دشوار ہوگیا ہے۔نعمان شاپنگ سینٹر کے عقب میں بھی دوبارہ تجاوزات قائم ہوگئی ہیں۔ درجنوں ٹھیلے،پتھارے لگے ہوئے ہیں ، جن کی وجہ سے ٹریفک جام معمول بن گیا ہے،سروے کے دوران مشاہدے میں آیا کہ مذکورہ مقام سے صبح کے اوقات میں بلدیہ کے بیٹرز یومیہ 100روپے وصول کرتے ہیں ، تاہم شام کے وقت صدر اور پریڈی تھانے کے اہلکار ایومیہ 400روپے لیتے ہیں۔ تھانے کی موبائل فوڈ اسٹریٹ پر تجاوزات مافیا سے رقم بٹورتی نظر آئی پولیس موبائل کا اہلکار ناصر احمد ٹھیلے والوں سے 300روپے وصول کررہا تھا ۔اسی طرح رینبو سینٹر کے اطراف بھی فروٹ ، چپل اور الیکٹرونک سامان کے ٹھیلے لگے ہوئے ہیں ، جن سے پریڈی پولیس بھتہ وصول کررہی ہے ۔ اولڈ سٹی ایریا تاجر اتحاد کے چیئرمین احمد شمسی نے بتایا کہ میئرکراچی اور ڈائریکٹر انکروچمنٹ بشیر صدیقی کو متعدد شکایتیں درج کرائی ہیں لیکن اولڈ سٹی ایریا میں آپریشن نہیں کیا جارہا ۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ مارکیٹ میں ہزاروں کی تعداد میں تجاوزات ہیں ،ان کے خلاف کارروائی نہیں کی جارہی ۔انہوں نے مزید کہا کہ پہلے بھی پتھاروں کے خلاف کارروائی کا کہا تھا لیکن ہمارے ہی خلاف آپریشن شروع کردیا گیا ۔ اگر دوبارہ آپریشن کیا گیا تو دھرنا دیا جائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More