کراچی میں پراسرار لاپتہ سجاول کی 2 طالبات ساہیوال سے بازیاب
کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی کے پارک سے پراسرار طور پر لاپتہ ہونے والی سجاول کی دو طالبات کو پنجاب کے شہر ساہیوال سے بازیاب کرالیا گیا۔ ایس ایس پی ایسٹ اظفر میہسر کا کہنا ہے کہ اسٹڈی ٹور پر آنیوالی ثناءمیمن اور نائلہ نے فرار ہونے کی منصوبہ بندی کی تھی،17 نومبر کو طالبات کا گروپ جونہی گلستان جوہر میں پارک میں آیا تو دونوں نے طبیعت خراب کا بہانہ کیا اور لڑکیاں پارک میں کچھ دیر بیٹھ گئیں اور تھوڑی دیر بعد پارک سے باہر آگئیں، سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے کی گئی تفتیش کے مطابق دونوں لڑکیوں نے فرار ہونے کیلئے ایک رکشہ روکا اور رکشے کے ڈرائیور سے پیسوں کے معاملے میں ان کی بات نہیں بنی تو ہائی روف گاڑی کے ڈرائیور سے لانڈھی جانے کا کہا، ایک لڑکی نے موبائل فون کان سے لگا رکھا تھا جو کسی سے ہدایات لے رہی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں لڑکیاں ٹیکسی میں بیٹھ کر چلی گئیں۔ پولیس کے مطابق ایک لڑکی نے کراچی سے پہلے ہی اپنا فون بند کرکے اپنی والدہ کا موبائل فون استعمال کر رہی تھی۔ فرار کے بعد لڑکی نے اپنی والدہ کا موبائل فون بھی بند کردیا تھا۔ سندھ کے ایک شہر پہنچ کر انہوں نے موبائل فون کچھ دیر کے لئے آن کیا تاہم پھر بند کردیا۔ موبائل فون پنجاب کے شہر خانیوال میں استعمال ہوا۔ لڑکیوں کو ساہیوال سے بازیاب کرا لیا،دونوں لڑکیوں کو ساہیوال میں دارالامان کے حوالے کیا گیا ہے، تاہم آج عدالت میں پیش کیا جائے گا۔