پاکستان سے تعلق کمزور کرنے کی ہر کوشش ناکام ہوگی-چین
بیجنگ/اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) چینی وزرات خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان سے تعلق کو کمزور کرنے کی ہر کوشش ناکام ہوگی۔ چین کی وزرات خارجہ کے ترجمان جینگ شوانگ کی جانب سے کراچی میں قائم چینی قونصل خانے پر ہونے والے دہشتگرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے جب کہ پاکستان کو اس حملے کے خلاف سخت اقدامات اٹھاتے ہوئے چینی عملے کی حفاظت کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔چینی وزارت خارجہ کی جانب سے چینی قونصل خانے پر ہونے والے دہشتگرد حملے کے خلاف پاکستان پولیس اور آرمی کی جانب سے کی جانے والی بروقت کارروائی کی تعریف کی گئی اور دہشتگردانہ منصوبے کو ناکام بنانے پر پولیس وآرمی کے اقدامات کو سراہتے ہوئے آپریشن کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا گیا۔چینی وزرات خارجہ کے ترجمان نے پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ دہشتگرد حملہ پاک چین تعلقات اور سی پیک پر بالکل بھی اثرانداز نہیں ہوگا، پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات پہلے کی طرح برقرار رہیں گے۔اس سے قبل چینی سفارتخانے نے ایک بیان میں کراچی قونصل خانے پر دہشتگردی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاک چین تعلقات کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش ناکام ہوگی، پاکستان چینی شہریوں کی حفاظت یقینی بنا رہا ہے۔چینی سفارتخانہ نے 2 پولیس اہلکاروں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کہا اور کہا حملے میں کوئی چینی شہری ہلاک یا زخمی نہیں ہوا، پاک فوج اور پولیس کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہیں۔