میٹروول – قیوم آباد – بلدیہ میں قلت آب کیخلاف دھرنے
کراچی (اسٹاف رپورٹر) میٹروول ، قیوم آباد ، بلدیہ ٹاؤن میں پانی نہ ملنے کیخلاف علاقہ مکینوں نےدھرنے دیئے ۔ مشتعل مظاہرین نے ڈی سی آفس غربی پر ڈھائی گھنٹے دھرنا دیا ۔جبکہ قیوم آباد اور بلدیہ ٹاؤن کے مکین بھی پانی کی عدم فراہمی پر سڑکوں پر نکل آئے ۔ جس کی وجہ سے سڑکوں اور اطراف میں گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں ۔ تفصیلات کے مطابق میٹروول سائٹ میں پانی کے بدترین بحران کے خلاف مکین سراپا احتجاج بن گئے اور باب خیبر پر ایک گھنٹہ دھرنا دیا۔مشتعل مکینوں نے حبیب بینک چورنگی سے ڈی سی آفس تک ریلی بھی نکالی اور سڑکیں بند کرکے دھرنا دیا۔دھرنے میں ایم پی اے شبیر قریشی ، یوسی چیئرمین عبدالصمد ، وائس چیئرمین دوا خان ، کونسلر نظر خان ، رحمان بشر و دیگر نے شرکت کی ۔دھرنا ڈھائی گھنٹےتک جاری رہا۔ ڈی سی زاہد میمن نے دھرنے کے شرکا سے مذاکرات کر کے مسئلہ حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ، جس کے بعد دھرنا کے شرکا پرامن طور پر منتشر ہوگئے۔ مظاہرین نے بتایا کہ عرصہ دراز سے 40،50 روز بعد پانی فراہم کیا جاتا ہے۔مساجد میں وضو کے لیے پانی تک نہیں ہوتا، جبکہ عوام ٹینکرمافیا سے مہنگے داموں پانی خریدنے پر مجبور ہیں۔قصبہ کالونی میں قلت آب کے خلاف ینگ سوشل ویلفیئر کے تحت ڈی سی آفس پر احتجاج کیا گیا، جس میں عنایت الحق ، ذاکر خان و دیگر شامل تھے ۔دریں اثناقیوم آباد، بلدیہ ٹاؤن اورملحقہ آبادیوں کے مکینوں نے بھی پانی بندش کیخلاف احتجاج کیا اورواٹر بورڈ کے خلاف نعرے بازی کی۔ احتجاج کی وجہ سے قیوم آباد اور اطراف کی سڑکوں پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا ، جبکہ مظاہرین نے گاڑیوں پر پتھراؤکرکے متعدد گاڑیوں کے شیشے توڑ دیئے ، جبکہ بلدیہ ٹاؤن میں پانی کی بند ش پر علاقہ مکینوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا۔ علاقہ مکینوں نے نیول کالونی میں احتجاج کرتے ہوئے سڑکیں بلاک کردیں ،جس کی وجہ سےبدترین ٹریفک جام ہوگیا اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں ۔ اطلاع ملتے ہی پولیس نے مظاہرین کو پرامن طور پر منتشر کر کے سڑک عام ٹریفک کیلئے کھلوادی ۔