خوست کے فوجی بیس کی مسجد میں خودکش دھماکہ – 30اہلکار جاں بحق

0

پشاور(رپورٹ:محمد قاسم)مشرقی افغانستان میں افغان فوج کے ملٹری بیس کے اندر واقع مسجد میں خودکش حملے میں 30فوجی جاں بحق جبکہ 50سے زائد زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق مشرقی افغانستان کے صوبہ خوست کے ضلع اسماعیل خیل کے علاقہ مندوزئی میں افغان ملٹری بیس کے اندر واقع مسجد میں افغان نیشنل آرمی کی سیکنڈ رجمنٹ 203کمانڈ کے فوجی افسران اور جوان نماز جمعہ ادا کر رہے تھے کہ اس دوران فوجی وردی میں ملبوس خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا جس کے نتیجے میں ملٹری بیس کی مسجد شہید ہو گئی اور چھت کے ملبے میں فوجی دب گئے ۔ خوست کے گورنر حکیم خان کے ترجمان طالب مینگل کے مطابق20 فوجی جوان جاں بحق جبکہ 33زخمی ہو ئے جبکہ 203بریگیڈ کمانڈ کے ترجمان جنرل عبد اللہ کے مطابق 30سے زائد فوجی اہلکار جاں بحق ہو ئے ہیں اور یہ خودکش حملہ تھا ۔افغان فوج نے پورے ملٹری بیس کو گھیرے میں لے لیا اور چھان بین شروع کردی امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ خودکش حملہ آور افغان فوج میں سپاہی تھا جس کو ملٹری بیس کے اندر رسائی حاصل تھی اور اس نے نماز جمعہ جس میں سیکنڈ رجمنٹ کے افسران اور نوجوان شریک ہوتے ہیں کو نشانہ بنایا ۔ذرائع کے مطابق زیادہ تر زخمیوں کی حالت نازک ہے جس سے اموات میں اضافے کا خدشہ ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More