حویلیاں کی چوکی میں خونی تصادم کے 5ملزمان گرفتار

0

حویلیاں/ایبٹ آباد (نمائندگان امت) حویلیاں میں کرکٹ پر دو گروپوں کے درمیان لڑائی کے نتیجے میں قتل ہونے والے 7 افراد کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔ خونی تصادم کے 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ 7 مقتولین کی نمازہ جنازہ ادا کردی گئی ۔ اس موقع پر سکیورٹی کیلئے پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی۔ دوسری جانب علاقے میں خوف کی فضا ہے۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ حویلیاں کی حدود میں یونین کونسل گڑھی پھلگراں کے مقام پر کرکٹ میچ کے دوران جھگڑا ہوا اور بعد ازاں پولیس چوکی رجوعیہ میں ایف آئی آر درج کروانے کے بعد دونوں گروپوں میں دوبارہ تصادم ہوا جس کے نتیجے میں سات افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ مقتولین میں ایک طرف سے مختیار شاہ ولدمحمود شاہ ، شوکت شاہ ولد اسلم شاہ اور انور شاہ ولد محمود شاہ شامل ہیں جبکہ دوسری طرف سے شہباز ولد یونس خان،مانی ولد ارشد خان،راشد خان ولد اکثر خان اور سہراب خان ولد اکثر خان شامل ہیں۔ قتل ہونے والے سات افراد کی نمازِ جنازہ بٹالہ گاوٴں میں ادا کر دی گئی۔ اس موقع پر دن بھر پولیس کی بھاری نفری سیکیورٹی فرائض انجام دیتی رہی جس کی قیادت سربراہ ایلیٹ فورس ملک اعجاز اور ڈی ایس پی حویلیاں کیڈٹ اعجاز نے کی۔ دوسری جانب ابتدائی رپورٹ کے مطابق جدون فیملی سے تعلق رکھنے والے گروپ نے اس دوران سید فیملی کے لوگوں پر چوکی پہنچتے ہی آپس میں ہاتھاپائی شروع کر دی اس موقع پر چوکی میں موجود ملازمین نے دونوں گروپوں کے درمیان خلاصی کی کوشش کی جبکہ اس دوران دونوں گروپوں کے مزید افراد گاڑیوں میں آ گئے اور دونوں اطراف سے فائرنگ شروع کر دی گئی جس کے نتیجے میں جدون فیملی کے سہراب خان ولد ، راشد خان ولد اکثر خان ، اشفاق خان ولد اکرم خان عثمان خان ولد ارشد خان جان بحق جبکہ اسی گروپ سے تعلق رکھنے والے ارشد خان ولد اکثر خان زخمی ہوئے جن کی نزاکت خان ولد اکثر خان سکنہ گڑھی پھلگراں کی مدعیت میں مقدمہ تھانہ حویلیاں میں درج ہوا۔رپورٹ کے مطابق مقدمہ میں 8ملزمان کو نامزد کیا گیا جن میں مختیار شاہ ، انور شاہ پسران محمود شاہ ، شوکت شاہ ولد اسلم شاہ ، صفدر شاہ ولد اکثر شاہ ، خالد شاہ ولد افسر شاہ ، سرور شاہ ولد مبار ک شاہ، امتیاز شاہ ولد سخاوت شاہ اور ریاض شاہ ولد اسلم شاہ شامل ہیں ۔ جن میں سے 03ملزمان دوسرے فریق کی فائرنگ سے جاں بحق جبکہ 3ملزمان صفدر شاہ، خالد شاہ اور سرور شاہ کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ 2ملزمان امتیا زشاہ اور ریاض شاہ کی گرفتاری بقایا ہے ۔ اسی طرح دوران تصادم سید گروپ سے تعلق رکھنے والے صفدر شاہ ولد علی اصغر شاہ قوم سید سکنہ گڑھی پھلگراں کی رپورٹ کے مطابق سہراب خان ، راشد خان ، نزاکت خان ، ارشد خان پسران اکثر خان ، اشفاق خان ولد اکرم خان ، عثمان خان ولد ارشد خا، یونس خان ولد لال خان نے فائرنگ کر کے مختیار شاہ ، انور شاہ پسران محمود شاہ اور شوکت شاہ ولد اسلم شاہ کو جاں بحق کیا جس کی رپورٹ پر مقدمہ تھانہ حویلیاں میں درج کیا گیا۔ مقدمہ میں 7ملزمان نامزد کیے گئے جن میں سے 4ملزمان سہراب خان ، راشد خان پسران اکثر خان ، اشفاق خان ولد اکرم خان ، عثمان خان ولد ارشد خان مخالفین کی فائرنگ سے جاں بحق جبکہ مقدمہ میں ملوث 2ملزمان ارشد ولد اکثر خان جبکہ رجوعیہ پولیس نے ملزم نزاکت خان ولد اکثر خان کو بمعہ اسلحہ پستول 30بورکے کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ اس مقدمہ میں 1ملزم یونس خان ولد لال خان کی گرفتاری بقایا ہے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More