افغانستان میں امریکی فوجی ہلاک-طالبان نے ہیلی کاپٹر مار گرایا
پشاور(نمائندہ خصوصی)افغانستان کے جنوبی صوبہ قندھار میں افغان فوج کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا ۔ہیلی کاپٹر میں سوار تمام فوجی اور عملے کے ارکان ہلاک ہو گئے ۔کابل میں افغان علماء کونسل کے سربراہ مولوی بصیر حقانی کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا ۔وہ افغان خفیہ ایجنسی کے مذہبی ونگ کے سربراہ تھے جبکہ کابل میں ایک امریکی فوجی جھڑپ میں ہلاک ہوگیا ۔تفصیلات کے مطابق ہفتے کے روز افغانستان کے جنوبی صوبہ قندھار کے ضلع معروف میں افغان وزارت دفاع کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا جس میں سوار 13فوجی اور عملے کے 7اہلکار ہلاک ہو گئے ۔افغان وزارت دفاع نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہیلی کاپٹر فنی خرابی کی وجہ سے گر کر تباہ ہو ا ہے جبکہ افغان طالبان نے دعویٰ کیا ہے کہ ہیلی کاپٹر کو انہوں نے نشانہ بنایا ہے ۔جنوبی افغانستان کیلئے افغان طالبان کے ترجمان قاری یوسف احمدی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہیلی کاپٹر کو نشانہ بنایاگیا جس کے نتیجے میں ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا اور سوار تمام افراد ہلاک ہو گئے ۔دوسری جانب ہفتے کے روز افغان دارالحکومت کابل میں افغان حکومت کی علماء کونسل کے سربراہ مولوی بصیر حقانی کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا ۔بصیر حقانی افغان خفیہ ادارے این ڈی ایس کے مذہبی ونگ کے سربراہ تھے ۔وہ خیبرپختون کے ضلع نوشہرہ کے معروف دینی مدرسے سے فارغ التحصیل تھے اور ان کا تعلق شمالی افغانستان کے علاقے پل خمری سے تھا ۔بصیر حقانی ٹیلی ویژن چینلز پر افغان طالبان کے شدید مخالفین میں تصور کئے جاتے تھے ۔ کسی تنظیم نے بصیر حقانی کے قتل کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے،دریں اثنا کابل میں ایک امریکی فوجی جھڑپ میں ہلاک ہوگیا ۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق افغانستان میں نیٹو اتحادی فورسز کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہاگیا ہے کہ کابل میں ایک امریکی فوجی جھڑپ میں ہلاک ہوگیا تاہم پنٹاگون کی دفاعی پالیسی کے تحت فوجی کی شناخت اور اس سلسلے میں دیگر تفصیلات آئندہ چوبیس گھنٹوں تک واضح نہیں کی جائے گی بیان میں کہا گیا ہے کہ مزید تفصیلات مناسب وقت پر جاری کی جائیں گی۔