ڈہرکی میں پسند کی شادی کرنیوالے جوڑے پر قاتلانہ حملہ

0

ڈہرکی (نمائندہ امت) ڈہرکی میں جرگے کے بعد قاتلانہ حملے میں پسند کی شادی کرنے والا جوڑے معجزانہ طور پر بچ گیا۔ذرائع کے مطابق جرگے نے جوڑے پر سیاہ کاری الزام لگاکر 20لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیااور رقم دینے سے انکار پر جوڑے کو قتل کرنے کا حکم دیا ہے۔جب کہ جرگہ میں لڑکے کی طرف شرکت کرنے والے 2افراد کو میرپور ساکھرو پولیس نے گرفتار کرکے غائب کردیا، لڑکے کے ورثاکیخلاف لڑکی کو اغوا کرنے کا مقدمہ درج کرلیا۔ ڈہرکی کے نواحی علاقے گاؤں نصیر دھوندو کے رہائشی احمد علی پنھور ولد جیئند پنھور نے 3ماہ قبل ٹھٹھہ کے علاقے جھمپیر کی رہائشی ناہید جاکھریو بنت غلام نبی جاکھریو سے سیشن کورٹ گھوٹکی میں پسند کی شادی کی تھی، ورثا کی طرف سے دونوں پر سیاہ کاری کا الزام لگا کر 20لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا، جرمانہ کی رقم دینے سے انکار پر جوڑے کو قتل کرنے کی فتویٰ جاری کیاگیا،احمد علی پنھور اپنی اہلیہ ناھید جاکھریو کے ہمراہ صحافیوں کو بتایا کہ 3ماہ قبل ہم نے سیشن کورٹ گھوٹکی میں پسند کی شادی کی تھی، گزشتہ ماہ کی 7تاریخ کو اوباڑو میں بااثر مولا بخش پنھور کی رہائشگاہ پر حمید پنھور، رفیق جاکھریو، گل حسن چانگ اور دوست علی جاکھریو کی سرپنچی میں جرگہ طلب کیا گیا، جس میں میری بیوی کے والد غلام نبی جاکھریو، ابراہیم جاکھریو نے شرکت کی، جبکہ ہماری طرف سے میرے ماموں موج علی پنھور، بھٹو پنھور، اصغر علی پنھور کو طلب کیا گیا، جرگہ میں ہمارے اوپر سیاہ کاری کا الزام عائد کرکے 20لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا، انکار کرنے پر جرگہ میں سے میرے ماموں موج علی پنھور اور دودو پنھور کو ضلع ٹھٹھہ کی میرپور ساکھرو پولیس کے حوالے کیا گیا، پولیس نے گرفتار کو نامعلوم مقام پر غائب کردیا ہے، اس کے علاوہ میرے ورثاءپر بیوی ناھید جاکھریو کو اغوا کرنے کا جھوٹا مقدمہ بھی عائد کیا گیا ہے، جس کی وجہ سے گھوٹکی اور ٹھٹھہ ضلع کی پولیس ہمارا جینا محال کردیا ہے، گزشتہ رات مسلح افراد نے گھر پر حملہ کرکے قتل کرنے کی کوشش کی ، لیکن ہم معجزانہ طور سے بچ گئے، بااثر افراد ہمیں قتل کرنے کے لئے تلاش کر رہے ہیں، قتل کے خوف سے دربدری کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، بااثر افراد نے شرط رکھا ہے کہ اگر جرمانے کی رقم ادا نہیں کی تو گرفتار افراد پر مقدمہ درج کرکے پولیس مقابلے میں قتل کرادیں گے، جبکہ پولیس بھی ہماری کوئی مدد نہیں کر رہی ہے اور مجھے گرفتار کرنے کے لئے چھاپے مار رہی ہے، انہوں نے آئی جی سندھ سے اپیل کی کہ بااثر افراد کے خلاف کاروائی کرکے گرفتار افراد کو بازیاب کرایا جائے اور ہمیں تحفظ فراہم کیا جائے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More