بھتہ خور ۔رہزنوں۔خاتون منشیات فروش سمیت25گرفتار۔20مشتبہ زیرحراست
کراچی(اسٹاف رپورٹر) رینجرز اور پولیس نے بھتہ خور، اسٹریٹ کرمنلز اور خاتون منشیات فروش سمیت 25 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ اور سامان برآمد کرلیاجبکہ بن قاسم میں سرچ آپریشن کے دوران20 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیاگیا ۔ ترجمان رینجرزکے مطابق خفیہ اطلاع پرمنظور کالونی سے 2بھتہ خوروں سلمان اور دلاور کو گرفتار کیاگیا ۔ ملزمان نے پہلے منظور کالونی سے موبائل فون چھینا ملزم سلمان نے اپنی کمپنی کے پروڈکشن جنرل منیجر افسر خان سے 20لاکھ بھتہ مانگا ۔بھتہ نہ دینے پر افسر خان کو دھمکانے کے لیے بلال کالونی میں گذشتہ ہفتے اس کی گاڑی پر فائرنگ کی ملزمان نے اسی کمپنی کے دوسرے افسر ناصر سے بھی 20لاکھ بھتہ طلب کیا تھا ۔ ڈاکس پولیس نے تین ملزمان حسن شاہ، فدا اور غلام سرور کو گرفتار کرکے منشیات اور نقدی برآمد کرلی۔ گارڈن پولیس نے عرفان اور سلیمان کو گرفتار کرکے لاکھوں روپے کی چھالیہ قبضے میں لے لی۔ گلستان جوہر سے سعید الرحمن، علی سومرو، عمار شاہ، سعد قاضی، شارق الرحمن اور قمبر علی کو گرفتار کرکے شیشہ قبضے میں لے لیا ۔مبینہ ٹاؤن اور مومن آبادسے شیر عالم اور وسیم کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیاگیا ۔ سائٹ اے اور عزیز بھٹی پولیس نے اسٹریٹ کرمنلز محمد علی ۔ اسلم اور منشیات فروش شگفتہ عرف مہک کو گرفتار کرکے اسلحہ ۔منشیات برآمد کرلی ۔ اورنگی سے دو ملزمان ندیم اور شان کو گرفتار کرکے اسلحہ اور سامان برآمد کرلیا۔ بغدادی سے تین ملزمان عقیل عرف پٹیل، زاہد اور شکیل پکڑے گئے ان سے اسلحہ اور موبائل فونز برآمد ہوئے۔ سمن آباد سے ڈکیتی مزاحمت پرشہری کو زخمی کرنیوالے ملزم طاہر خان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔ بن قاسم میں سرچ آپریشن کے دوران 20مشتبہ افراد کو حراست میں لے کرتھانے منتقل کردیاگیا ۔