حسن ابدال میں باباگرونانک کے جنم دن کی تقریبات شروع
حسن ابدال؍اٹک(نمائندگان امت) گوردوارہ سری پنجہ صاحب حسن ابدال میں2 روزہ تقریبات کا آغاز ہوگیا، تقریبات میں شرکت کیلئے 3377سکھ یاتری حسن ابدال پہنچ گئے ہیں،یاتریوں کے قیام و طعام کے ساتھ ساتھ سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔سکھ مذہب کے بانی و روحانی پیشوا بابا گرو نانک دیو جی کے549جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے بعد 3377سکھ یاتریو ں کو مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لیے تین خصوصی ٹرینوں کے ذریعے ننکانہ صاحب سے حسن ابدال ریلوے اسٹیشن پہنچایا گیا جہاں پر متروکہ وقف املاک اور ضلع و تحصیل انتظامیہ کے افسران نے ان کا بھر پور استقبال کیا۔ سکھ یاتری رات گئے ریلوے اسٹیشن حسن ابدال پہنچے جہاں سے انہیں خصوصی شٹل بس سروس کے زریعے ریلوے اسٹیشن سے گوردوارہ پنجہ صاحب پہنچایا گیا جس کے بعد اتوار کی صبح گوردوارہ پنجہ صاحب میں سکھوں کی دو روزہ تقریبات کا آغاز ہو گیا ہے۔تقریبات میں انڈین سکھ یاتریوں کے علاوہ برطانیہ سے آئے ہوئے 155،متحدہ عرب امارات سے 7جبکہ ملک بھر سے سینکڑوں سکھ یاتری شرکت کر رہے ہیں ۔سکھ یاتری حسن ابدال میں قیام کے دوران گوردوارہ پنجہ صاحب میں اشنان ، ماتھا ٹیکی، گرنتھ پاٹ، یاترا پنجہ صاحب اور دیگر مذہبی رسومات کے ساتھ ساتھ بابا ولی قندہاری کے مزار پر بھی حاضری دیں گے،یاتریوں کی حسن ابدال آمد کے موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں جن کے تحت 1000اہلکار سکیورٹی کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں جبکہ گوردوارہ کے داخلی او خارجی راستوں پر سکینر نصف کیے گئے ہیں ۔ سکھ یاتری اپنی مذہبی رسومات کی ادائیگی کے بعد آج 26نومبر کو واپس روانہ ہو جائیں گے۔