سعودیہ کو موبائل فون ہیک کرنے کی ٹیکنالوجی اسرائیل نے دی
تل ابیب (امت نیوز)اسرائیلی اخبار حارث نے انکشاف کیا ہے کہ سائبر انٹیلی جنس میں مہارت رکھنے والی ایک اسرائیلی کمپنی نے سعودی عرب کو موبائل فون کالز ہیک کرنے کا نظام فروخت کیا تھا ۔اسرائیلی اخبار کے مطابق اس ضمن میں جون 2017 میں آسٹریا کے شہر ویانا میں اسرائیلی کمپنی این ایس او کے سعودی حکام سے مذاکرات ہو چکے ہیں۔مذاکرات میں ایک معروف سعودی شہزادے ترکی الفیصل کے قریب عبداللہ الملیحی اور سعودی انٹیلی جنس کے سابق سربراہ نصر القحطانی شریک ہوئے تھے جنہوں نے خود کو نائب انٹیلی جنس چیف کے طور پر پیش کیا ۔اس سے قبل ثالث کے توسط سے دونوں میں مذاکرات قبرص میں ہوئے تھے ۔ امریکی منحرف اسنوڈن کے مطابق سعودی عرب اسرائیلی نظام کی مدد سے ہی جمال خشوگی سمیت کئی منحرفین کی نگرانی کرتا رہا ہے ۔عالمی میڈیا کے مطابق سعودی ولی عہد اپنے لئے سیاسی خطرہ بننے والوں کیلئے بھی اسی نظام کے ذریعے نگرانی کرتے ہیں۔