حکومت چینی قونصلیٹ پر حملے کے خفیہ ہاتھ بے نقاب کرے- حافظ نعیم

0

کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے چینی قونصلیٹ میں دہشت گردوں سے مقابلے میں شہید پولیس اہلکار شہید عامر خان کے گھر نیلم کالونی جاکر ان کے بھائی عمر خان و دیگر اہلخانہ سے ملاقات کی اور اظہار تعزیت کیا۔ ان کے ہمراہ سفیان دلاور، ذاکر محنتی، امتیاز خان اور سفیر عباسی و دیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر حافظ نعیم الرحمن نے کراچی میں چینی قونصل خانے پر دہشت گرد حملے افسوسناک اور قابل مذمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسکے پیچھے امریکہ، اسرائیل اور بھارت کا کردار خارج ازامکان قرار نہیں دیا جاسکتا۔ یہ کارروائی برسوں پر محیط پاک چین دوستی کو نقصان پہنچانے اور سی پیک منصوبے کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ہے۔ حملے میں پولیس کی جوابی کارروائی اور قونصلیٹ عملے کی حفاظت یقینی بنانے کی کوششیں قابل ستائش ہیں جن میں2 اہلکار شہید بھی ہوگئے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ حملے کے محرکات اور اس کے پیچھے خفیہ ہاتھ کو بے نقاب کرنے کیلئے ہرپہلو سے تفتیش کریں اور حقائق عوام کے سامنے لائیں۔ انہوں نے کہاکہ حالیہ واقعے سے یہ بات واضح کی ہے کہ بیرونی مداخلت اور دہشت گردوں کا نیٹ ورک ابھی ختم نہیں ہوا ہے۔ انہوں نے مقابلے میں شہید اہلکاروں کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کرتے ہوئے شہدا کی مغفرت اور بلند درجات اور غمزدہ خاندان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More