ڈوبتی بیٹی بچانے کیلئے ماں نے ممتا نچھاور کردی
میرپور خاص (بیورو رپورٹ) ڈوبتی بیٹی بچانے کیلئے ماں نے ممتا نچھاور کردی۔ پاگوٹی کو نکالنے کیلئے چندری کے بعد پاروتی بھی جمڑاؤ کینال میں کود گئی۔ پاروتی کی لاش برآمد کرلی گئی جبکہ ماں کی تلاش جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق پرانی میرپور تھانے کی حد میں واقع گاؤں چوہدری ظفر فارم کی رہائشی کولہی برادری کی خواتین جمڑاؤ کینال کے کنارے کپڑے دھو رہی تھیں کہ معصوم بچی پاگوٹی پاؤں پھسل جانے کی وجہ سے کینال میں جاگری ۔ جس کو بچانے کیلئے بچی کی ماں چندری نے پانی میں چھلانگ لگادی اور اپنی بچی کو ڈوبنے سے بچالیا ، جبکہ چندری کو پانی سے نکالنے کیلئے قریب کھڑی پاروتی جیسے ہی آگے بڑھی تو پاؤں پھسل جانے کے باعث وہ بھی پانی میں گر گئی اور پانی کا بہاؤ تیز ہونے کی وجہ سے دونوں عورتیں بہہ کر آگے نکل گئیں۔ واقع کی اطلاع پر عورتوں کے ورثا، مقامی پولیس سمیت علاقہ مکین بڑی تعداد میں جائے حادثہ پر پہنچے اور مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کوشش کرکے کئی گھنٹوں بعد پاروتی کولہی کی لاش کو ڈھونڈ نکالا ، جبکہ دوسری عورت چندری کی لاش کو تلاش کیا جارہا ہے۔ موقع پر موجود سابقہ تعلقہ ناظم ممتاز مری نے بتایا کہ بروقت محکمہ ایریگیشن اور مقامی انتظامیہ کو اطلاع دینے کے باوجود کوئی بھی یہاں نہیں آیا اور علاقہ مکین اپنی مدد آپ کے لاش کو تلاش کررہے ہیں ۔ اس موقع پر پرانی میرپور تھانے کے ایس ایچ او کنور سنگھ اور عورتوں کے ورثا نے بتایا کہ جمڑاؤ کینال کے پکا ہونے کے بعد پانی تیز بہاؤ کے ساتھ چل رہا ہے اور پروفیشنل غوطہ خور نہ ہونے کی وجہ سے لاش کو ڈھونڈنے میں شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ دوسری جانب واقع کی اطلاع پر علاقے میں سوگ کا عالم ہے اور فوتی عورتوں کے گھر میں کہرام مچا ہوا ہے۔