کراچی (رپورٹ: رفیق بلوچ) کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ نے لیاری کے مکینوں کے مسائل حل کرنے کے بجائے مزید مشکلات پیدا کردیں۔ علاقے میں سیوریج لائنوں کی درستگی اور صفائی نہ ہونے، پمپنگ اسٹیشنوں کا فرسودہ نظام اور افرادی قوت کی کمی سب سے بڑے مسائل ہیں۔ لیاری کے بیشتر علاقوں میں سیوریج کے حوالے سے شکایات عام ہیں۔ گٹر ابل رہے ہیں۔ سیوریج کا پانی ناصرف سڑکوں اور گلیوں بلکہ گھروں میں بھی داخل ہورہا ہے۔ لیاری سے منتخب بلدیاتی نمائندوں نے مسائل حل نہ ہونے پر اپنے دفاتر میں بیٹھنا چھوڑ دیا۔ اس سلسلے میں یوسی 8کے چیئرمین حاجی عبدالمجید نے بتایا کہ علاقے میں سب سے بڑا مسئلہ فراہمی و نکاسی آب کا ہے۔ دفتر میں پہنچتے ہی علاقہ مکین نکاسی آب سے متعلق شکایت کے انبار لگادیتے ہیں اور یہ سلسلہ سارا دن جاری رہتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ علاقے میں ایک جانب سیوریج لائن کی درستی اور صفائی نہ ہونے کا مسئلہ ہے اور تو دوسری جانب ملازمین کی بھی کمی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ لیاری میں نکاسی آب کا ذریعہ پمپنگ ہے ۔ بدقسمتی سے پمپنگ کا نظام اپنی استعداد کھوچکا ہے ۔ بہت کم پمپنگ اسٹیشن کام کررہے ہیں ۔ زیادہ لوڈ کی وجہ سے وہ مکمل طور پر کام نہیں کررہے ہیں ۔ اس حوالے سے متعدد بار واٹر بورڈ کے حکام کو آگاہ کرچکے ہیں، لیکن صرف یقین دہانی کرائی جاتی ہیں۔ گزشتہ دنوں وزیر بلدیات سعید غنی سے بھی شکایت کی تھی یوسی نمبر 14کے چیئرمین عبدالغفور بلوچ، یوسی نمبر 7 کے چیئرمین عاشق حسین، یوسی 13کے چیئرمین ستار بلوچ، یوسی 15کے چیئرمین حاجی حسن اور یوسی 16کے چیئرمین فہیم بلوچ نے بھی سیوریج کے حوالے سے مسائل کی نشاندہی کی۔ انہوں نے وزیر بلدیات سے اپیل کی کہ وہ پہلی فرصت میں لیاری کے فراہمی و نکاسی آب کے مسائل حل کرائیں۔