تعلیم کے فروغ کیلئے پاک۔برطانیہ ایجوکیشن گیٹ وے کا افتتاح
اسلام آباد(بزنس رپورٹر) پاکستان اور برطانیہ کے اعلی تعلیمی اداروں کے مابین اکیڈمک تعاون کو فروغ دینے کے لیے گیٹ وے کاافتتاح کردیاگیا۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن سیکرٹریٹ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر برائے وفاقی تعلیم وپیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ، ڈاکٹر طارق بنوری، ایگزیکٹو ڈائریکٹر ، لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد اصغر ، برٹش ہائی کمشنر ، تھامس ڈریو، کنٹری ڈائریکٹر برٹش کونسل ، روزمری ہل ہورسٹ ، سیکرٹری جنرل ، ایسوسی ایشن آف کامن ویلتھ یونیورسٹیز ، جوآنہ نیومن کنسلٹنٹ ، ہائر ایجوکیشن کمیشن ، ڈاکٹر محمود الحسن بٹ اور جامعات کے وائس چانسلرز کی بڑی تعداد اس تقریب میں شریک ہوئی ۔ برطانیہ سے آئے 20رکنی اعلی تعلیمی وفد نے بھی افتتاحی تقریب میں شرکت کی ۔ شفقت محمود نے کہا کہ پاکستان۔یوکے ایجوکیشن گیٹ وے پاکستان اور برطانیہ کے باہمی تعلقات کی تاریخ میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔ اس اقدام سے دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں مدد ملے گی ۔ ڈاکٹر بنوری نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے مابین بہترین تعلیمی تعلقات ہیں 386پاکستانی اسکالرز نے حالیہ سالوں میں برطانوی تعلیمی اداروں سے پی ایچ ڈی مکمل کی ہے۔روزمری ہل ہورسٹ نے کہا کہ لاکھوں نوجوان طلباء کا شاندار مستقبل ہمارے ہاتھ میں ہے ۔انھوں نے کہا کہ اس پارٹنرشپ کے ذریعے ہم برطانیہ کی اعلی تعلیمی قابلیت کو پاکستان لے کر آئیں گے تاکہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے اعلی تعلیمی اداروں کی استعداد کار میں بہتری کے مشن کو کامیابی سے ہمکنار کیا جا سکے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ہم ہائر ایجوکیشن کمیشن اور برطانیہ میں اپنے پارٹنرز کی مدد سے دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور ایجوکیشن گیٹ وے کوکامیاب کرنے کے لیے مل کر کام کریں گے۔ جوآنہ نیومن اور ڈاکٹر محمود الحسن بٹ نے بھی افتتاحی تقریب سے خطاب کیا۔